رافیل معاملے میں بلاوجہ ہنگامہ مچا رہا ہے اپوزیشن: راجناتھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-September-2018

لکھنوء، (یوا ین آئی) رافیل طیارہ سودا معاملے میں ا پوزیشن پارٹیوں کے الزامات کو بے بنیاد اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پیر کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بڑھتی مقبولیت سے خائف کچھ پارٹیاں آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اسے اپنا انتخابی ایجنڈا بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔مسٹر سنگھ نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ رافیل سودا شیشیے کی طرح اک دم شفاف ہے اس میں کچھ بھی چھپایا نہیں گیا ہے ۔اس بارے میں فرانس کی حکومت بھی وقت وقت پر صفائی دے چکی ہے لیکن عوامی مقبولیت کھونے سے حواس باختہ کانگریس عوام میں اپنی سیاسی مقبولیت دوبارہ حاصل کرنے کے لئے اس غیر ضروری معاملہ کوطول دے رہی ہے”کشمیر میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے سلسلے میں مسٹر سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی فورسیز کےدرمیان روابط بہتر ہیں اور گڑبڑی مچانے والوں کو منھ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہامیں کہ سکتا ہوں کہ کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کے پیچھے پڑوسی ملک پاکستان کا ہاتھ ہے لیکن ہندوستان کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا۔کشمیر کے دائمی حل کے لئے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ پہل کرنے کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت کا ہندوستان ہمیشہ سے حامی رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنے اسی موقف پر قائم رہے گا۔انہوں نے کہا ہم مسئلہ کشمیرحل کرنا چاہتے ہیں ، دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو جڑ سے ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کے لئے کسی بھی صورت میں ملک کی ایک انچ زمین کا بھی سودا نہیں کیا جائے گا۔