رافیل ڈیل کی جانچ کیلئے سپریم کورٹ جائیںگے: سنجے سنگھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-September-2018

نئی دہلی،( ایجنسی):عام آدمی پارٹی ( آپ) کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ رافیل جنگی جہاز سودے میں مبینہ طور پر گھوٹالہ ہوا ہے اور اس کی جانچ کے لئے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ سنگھ نے منگل کویہاں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ وزیردفاع نرملا سیتارمن کو اپنے وکیلوں کے ذریعہ سے قانونی نوٹس بھیج رہے ہیں اور اس کے بعد وہ عدالت میں عرضی داخل کریںگے۔ سنگھ نے کہا کہ وزیردفاع کو نوٹس بھیج کر انہوں نے پوچھاہے کہ رافیل سودے سے متعلق شواہد کی غلط جانکاری دے کر ملک کو گمراہ کیوں کیا گیا؟ اس کے ساتھ ہی ان سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ سودے میں صنعت کار انل امبانی کی کمپنی ریلائنس ڈیفنس کو شامل کیوں کیا گیا جبکہ ان کی کمپنی کے پاس کوئی تجربہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیردفاع کی طرف سے اگر تین دن کے اندر نوٹس کا جواب نہیں آیا تو وہ سپریم کورٹ میں عرضی داخل کریں گے۔ رافیل معاملے کی جانچ کے لئے کانگریس کے ذریعہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے مطالبہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ابھی پارلیمنٹ کے آنے والے سیشن کا انتظار کرنا پڑے گا۔