سری لنکن پارلیمنٹ کے وفد نے مودی سے ملاقات کی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-September-2018

نئی دہلی،(یواین آئی)سری لنکاکی پارلیمنٹ کے ایک وفد نے اسپیکر کارو جے سوریا کی قیادت میں آج یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔وفد میں سری لنکا کی مختلف سیاسی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔وفد نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات ،یکساں روحانی اور ثقافتی ورثہ کاذکر کیا اور حالیہ برسوں میں ان تعلقات کے مزید مضبوط ہونے کی ستائش کی۔انہوں نے سری لنکا میں ہندوستان کے تعاون سے چلائے جارہے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کے فائدوں پر بھی بات کی۔انہوں نے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا کہ متحد اقتصادی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد سے دونوں ملکوں کے عوام اور معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔مسٹر مودی نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور تبادلے کے اس قسم کے پروگراموں پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی اسمبلیوں اور مقامی بلدیاتی اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے سے دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان رابطہ اور باہمی اعتماد بھی بڑھے گا۔