سنسیکس 536 پوائنٹس گرا، نفٹی 168 پوائنٹس کی گراوٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-September-2018

ممبئی – (یو این آئی) امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس سے پہلے زیادہ تر غیر ملکی منڈیوں سے موصولہ گراوٹ کی خبروں کے درمیان فنانس، بینکنگ، ریئلٹي اور آٹو کمپنیوں میں ہونے والی بھاری فروخت کے دباؤ میں گھریلو شیئر بازار پیر کے روز مسلسل پانچویں دن گراوٹ میں بند ہو ا۔

ممبئی شیئر بازار کا 30 حصص والا انڈیکس سینسیکس 536.58 پوائنٹس پھسل کر 09 جولائی کے بعد کے حقیقی 36،305.02 پوائنٹس پر اور این ایس ای کا نفٹی 168.20 پوائنٹس ٹوٹ کر 10 جولائی کے بعد پہلی بار 11 ہزار پوائنٹس سے نیچے 10،974.90 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ان پانچ دنوں میں سنسیکس 1،785.62 پوائنٹس اور نفٹی 540.30 پوائنٹس لڑھک چکا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔

غیر بینکاری مالیاتی کمپنیوں ( این بی ایف سی) پر پھیلی افواہ کی وجہ سے گزشتہ ہفتے جمعہ کو گراوٹ کا شکار رہنے والے سنسیکس 83.12 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ 36،924.72 پوائنٹس پر کھلا ، لیکن تھوڑی ہی دیر میں مارکیٹ میں منفی رجحان شروع ہو گیا ۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کے قدر کی کمی اور عالمی مارکیٹ سے ملے کمزور اشارے نے پورے کاروبار کے دوران دباؤ بنائے رکھا۔

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے این بی ایف سی کے سلسلے میں سرمایہ کاروں کے خدشات کو دور کرنے کے لیے بیان بھی دیا، لیکن اس کا کوئی بھی اثر مارکیٹ پر نہیں دکھا۔ مسٹر جیٹلی نے کہا کہ حکومت این بی ایف سی ، میوچول فنڈاور چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں (ایس ایم ای) کو کافی قرض کی دستیابی کو یقینی بنانے کی سمت میں ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔