شوہر کو چھوڑ کر شہر سے پیار کرنے والی بیوی کی کہانی ‘نمستے انگلینڈ’

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-September-2018

ممبئی،(پی ایس آئی)اکشے کمار اور کترینہ کیف کی 2007 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک کامیڈی فلم ‘نمستے لندن’ کی سیکوئل فلم ‘نمستے انگلینڈ’ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔سیکوئل فلم میں جہاں اکشے کمار کا پتا ارجن کپور نے کاٹا ہے، وہیں کترینہ کیف کی جگہ پرینیتی چوپڑا نے لی ہے۔تقریبا تین منٹ دورانیے پر مبنی ٹریلر میں ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا کو ایک دوسرے سے پیار کرنے کے بعد شادی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ساتھ ہی ٹریلر میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی کے بعد پرینیتی چوپڑا ریاست پنجاب چھوڑ کر برطانوی ریاست انگلینڈ پہنچ جاتی ہے۔بیوی کے فرار ہونے کے بعد ارجن کپور بھی کسی نہ کسی طرح انگلینڈ پہنچ کر بیوی کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارجن کپور بیوی کو ڈھونڈنے کے بعد یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ پہلی بار بیوی کو کسی دوسرے مرد سے افیئر کے بجائے کسی شہر سے عشق کے چکر میں گھر سے فرار ہوتے دیکھا۔اگرچہ ٹریلر دیکھ کر فلم کی کہانی کسی حد تک سمجھ آتی ہے، تاہم یہ پتا لگانا مشکل ہے کہ پرینیتی پیار کرنے والے شوہر اور پنجاب کو چھوڑ کر انگلینڈ کیوں فرار ہوجاتی ہے؟۔اگرچہ ٹریلر میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ پرینیتی چوپڑا آزادی اور خود مختاری کی زندگی جینے کی خواہش کرتی نظر آتی ہیں، جو شاید انہیں پنجاب میں میسر نہیں ہوتی، تاہم پھر بھی ان کا بھارت سے فرار ہوکر انگلینڈ جانے کا اصل مقصد تو فلم دیکھنے کے بعد ہی پتا چلے گا۔