قیاس آرائیاں ختم، اکھلیش کی ریلی میں پہنچے ملائم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-September-2018

نئی دہلی،( تاثیر بیورو) :سماجوادی پارٹی( ایس پی) کے سرپرست اور سابق وزیردفاع ملائم سنگھ یادو نے اتوار کو مرکزی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ2014کے عام انتخابات سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی نے جو وعدے کئے تھے ان کو وہ پورا نہیں کرسکی۔ شیوپال سنگھ یادو کی نوتشکیل سیکولر مورچہ میں جانے کی تمام قیاس آرائیوں پر بریک لگاتے ہوئے ملائم سنگھ یادو نے اتوار کو یہاں جنتر منتر پر ایس پی کی سائیکل ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں دو کروڑ سے زیادہ نوجوان بے روزگار ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے نوجوانوںکو روزگار دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے پر کالادھن بیرون ممالک سے واپس لائیں گے اور ہر ایک کے کھاتہ میں15لاکھ روپے دیں گے، لیکن انہوں نے اب تک روپے بھی نہیں دیا۔سابق وزیردفاع نے سائیکل ریلی میں شامل کارکنوں کو کئی نصیحتیں بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو خصوصی طور پر عزت دی جائے، یہ ایس پی کا ہدف ہے۔ انہوں نے اسٹیج پر موجود ایس پی کے قومی صدر اور سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو خاص طور سے حکم دیاکہ وہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ ٹکٹ دے کر انہیں الیکشن میں اتاریں۔ تنظیم میں بھی خواتین کے حصہ داری کو یقینی بناتے ہوئے انہیں عہدے دیں اور ہر کمیٹی میں خواتین کو جگہ دیں۔ ملائم نے کہا کہ ایس پی میں بلاک سطح سے لے کر قومی سطح پر خواتین کو حصہ داری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعداد47فیصد ہے اور ایس پی کو سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش اور ملک کے نوجوانوں کو امیدیں ایس پی سے بڑھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ایس پی کے نوجوان کارکنوں سے کہا کہ آج پورے ملک میں بدعنوانی کا بول بالا ہے، دہلی ہو یا لکھنؤ میں حکمراں جماعت کے لیڈران بدعنوانی میں ڈوبے ہیں۔ ایسے میں ایس پی کارکنان کوئی ایسا کام نہ کریں کہ کوئی الزام عائد کرسکے۔ملائم سنگھ نے کہا کہ ایس پی کے کہنے اور کرنے میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اترپردیش میں اقتدار میں آنے پر ایس پی نے وعدہ پورا کیا اور بے روزگاری بھتہ بھی دیا۔ ملائم سنگھ یادو نے کارکنوں سے ایس پی کو جتانے کا عہدہ لیتے ہوئے اپنی حمایت اور آشرواد اکھلیش یادو کے ساتھ ہونے کا بھروسہ دیا۔