مایاوتی اور جوگی کے اتحاد سے کانگریس کو نقصان : رمن سنگھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-September-2018

رائے پور، (یواین آئی) چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ نے کہا ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں سابق وزیر اعلی اجیت جوگی کی چھتیس گڑھ جن کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے اتحاد کے تیسری طاقت کے طور پر ابھر کر سامنے آنے کا امکان ہے جس کا نقصان کانگریس کو زیادہ ہوگا۔وزیر اعلی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ محترمہ مایاوتی اور مسٹر جوگی کی پارٹی کے تیسری طاقت کے طور پر انتخاب لڑنے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس دونوں کے ووٹ كٹیں گے لیکن زیادہ نقصان کانگریس کو ہوگا۔ انہوں نے مسٹر جوگی کو ریاست کا بڑا لیڈر بتایا اور کہا کہ انہیں بڑی تعداد میں عوام کی حمایت حاصل ہے۔کانگریس کے ذریعہ جوگی-مایاوتی کے اتحاد کو بی جے پی کی ‘بی ٹیم بتائے جانے کے الزامات کے سلسلے میں پوچھے جانے پر مسٹر سنگھ نے کہا کہ مایوسی اور ہارنے کے ڈر سے ایسے الزامات لگائے جا رہے ہیں كيونکہ بی جے پی اس الیکشن میں گزشتہ تین انتخابات کے مقابلے میں زیادہ سیٹوں پر فاتح ہونے جا رہی ہے۔