مرکزی حکومت کی طاقت پر مبنی پالیسی ناکام ثابت ہوئی ہے: محبوبہ مفتی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-September-2018

سری نگر ، (یو ا ین آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جموں وکشمیر پولیس کے تین ایس پی اووز کو اغوا کے بعد گولی مار کر ہلاک کرنے کے واقعہ پر اپنا ردعمل میں کہا ہے کہ وادی کشمیر میں مرکزی حکومت کی طاقت پر مبنی پالیسی ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ہلاکتوں پر غم وغصے کا اظہار کرنے سے متاثرہ کنبوں کو کوئی سکون نصیب نہیں ہوگا۔ محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے دو سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا ‘مزید تین پولیس اہلکار جنگجوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی جانیں گنوابیٹھے ہیں۔ توقع کے مطابق ہم سب کی طرف سے ان ہلاکتوں پر غم وغصے کا اظہار کیا جائے گا اور ان کی مذمت کی جائے گی۔ بدقسمتی سے اس سے متاثرین کو کوئی سکون نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا ‘پولیس اہلکاروں اور ان کے رشتہ داروں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سے عیاں ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت کی طاقت پر مبنی پالیسی کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ مذاکرات، جو کہ مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے، کے شروع ہونے کے ابھی کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ خیال رہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جمعہ کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے تین اسپیشل پولیس آفیسرس (ایس پی اووز) کو اغوا کے بعد ہلاک کردیا۔ تاہم ایک پولیس کانسٹیبل کے مغوی بھائی کو رہا کیا گیا ۔