وراٹ ،میرا بائی کوکھیل رتن،20 دیگرکو ارجن ایوارڈ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-September-2018

نئی دہلی، (یو این آئی ) صدر رام ناتھ كووند نے ہندوستانی کرکٹ کپتان وراٹ کوہلی اور عالمی چمپئن خاتون ویٹ لفٹر میرا بائی چانو کو منگل کو راشٹر پتی بھون میں منعقد قومی کھیل ایوارڈ تقریب میں ملک کے سب سے باوقار کھیل اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن اور 20 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا۔ایشیائی کھیلوں کے چلتے قومی کھیل ایوارڈ تقریب کو اس بار اس کے باقاعدہ دن 29 اگست سے آگے بڑھاکر 25 ستمبر کو منعقد کیا گیا۔ تقریب میں مرکزی وزیر کھیل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور موجود تھے۔ سب سے پہلے میرا بائی چانو کو کھیل رتن پیش کیا گیا اور ان کے بعد وراٹ کھیل رتن بنے۔وراٹ صدر کے ہاتھوں کھیل رتن کے ساتھ سچن تندولکر (1997) اور مہندر سنگھ دھونی (2007) کے بعد کھیل رتن حاصل کرنے والے تیسرے کرکٹر بن گئے۔ تینوں فارمیٹ میں ہندستانی کپتان وراٹ کے نام کی 2016 میں بھی بحث ہوئی تھی لیکن انہیں تب منتخب نہیں کیا گیا تھا۔ مگر اس بار وہ تیسرے کھیل رتن کرکٹر بن گئے۔ وراٹ کی موجودگی سے اس بار ایوارڈ تقریب کا گلیمر بڑھ گیا۔ وراٹ کی بیوی اور مشہور فلم اداکارہ انوشکا شرما بھی تقریب میں موجود تھیں اور وہ اگلی قطار میں بیٹھی تھیں۔ گزشتہ سال ویٹ لفٹنگ عالمی چمپئن شپ میں 48 کلو گرام کلاس میں طلائی تمغہ جیتنے والی 24 سالہ میرا بائی چانو بھی کھیل رتن بن گئیں۔ میرا بائی نے اس سال دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی طلائی تمغہ جیتا تھا۔ اگرچہ چوٹ کی وجہ سے وہ 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں حصہ نہیں لے پائی تھیں۔دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کئی کھلاڑیوں کو اس بار ارجن ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا۔ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی علمبردار اور بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا اور دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں میں کل پانچ تمغہ جیتنے والی ٹیبل ٹینس کھلاڑی منیکا بترا سمیت 20 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ پیش کیا گیا۔ایوارڈ تقریب میں پیرا کھلاڑی انکر دھاما (پیرا ایتھلیٹکس) اور منوج سرکار (پیرا بیڈمنٹن) نے جب صدر کے ہاتھوں اپنا ارجن ایوارڈ قبول کیا تو تقریب ہال کافی دیر تک تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونجتا رہا۔حال میں عالمی چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والے ڈبل ٹریپ شوٹر انکر متل، ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور گولف سنسنی شبھنکر شرما بھی ارجن ایوارڈ کے فاتحین میں شامل تھے۔ اگرچہ بوپنا بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے تقریب میں شامل نہیں ہو سکے۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے 2016 اور 2017 میں بھی وراٹ کے نام کی سفارش کی تھی لیکن 2016 میں ساکشی ملک، پی وی سندھو اور دیپا کرماکر کی ریو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے وہ اس اعزاز کے لئے نہیں چنے گئے تھے۔ گزشتہ سال ہاکی کھلاڑی سردار سنگھ اور پیرا کھلاڑی دویندر جھجھريا کو یہ ایوارڈ دیا گیا تھا۔ وراٹ اب ان منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے کھیل رتن ایوارڈ سے پہلے پدم شری ایوارڈ (2017) حاصل کیا ہے۔وراٹ کا شمار دنیا کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے اور وہ مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ٹیسٹ درجہ بندی میں وہ دنیا کے نمبر ایک بلے باز ہیں اور آئی سی سی کی درجہ بندی کے تاریخ میں وہ سب سے زیادہ درجہ بندی رکھنے والے ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔صدر نے ان کے علاوہ درون اچاریہ اور دھیان چند ایوارڈ، قومی کھیل حوصلہ افزائی ایوارڈ، مولانا ابوالکلام آزاد (ایم اے کے اے) ٹرافی اور تینجنگ نورگی قومی جرات ایوارڈ بھی پیش کئے۔راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ حاصل کرنے والے کو تمغے اور سرٹیفکٹ کے علاوہ 7.5 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔ ارجن، درون آچاریہ اور دھیان چند ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافی ، سرٹیفکیٹ اور پانچ لاکھ روپے کے نقد انعامات دیے گئے۔قومی کھیل حوصلہ افزائی ایوارڈ 2018 میں کمپنیوں کو ایک ٹرافی اور سپاسنامہ دیا گیا۔