چیف سکریٹری معاملے میں كیجريوال ،سسوديا اور 11 آپ ممبران اسمبلی کو سمن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-September-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ مبینہ مارپیٹ کے معاملے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا سمیت عام آدمی پارٹی (آپ) کے 11 ممبران اسمبلی کو سمن جاری کیا ہے۔

دہلی پولیس نے 13 اگست کو چارج شیٹ داخل کی تھی جس پر نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے سب کو 25 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

مسٹر کیجریوال اور دیگر کو سمن چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ وزیر اعلی کی سرکاری رہائش گاہ پر 19 فروری کی آدھی رات کو ہوئی مبینہ مارپیٹ کے معاملے میں جاری کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے اس معاملے میں 13 اگست کو چارج شیٹ داخل کی تھی جس میں وزیر اعلی اور دیگر کو ملزم بنایا گیا ہے۔

دہلی پولیس کے چارج شیٹ میں مسٹر کیجریوال اور مسٹر سسودیا کے علاوہ آپ کے رکن اسمبلی نتن تیاگی، ، امانت اللہ خاں، سنجیو جھا، پرکاش جروال، راجیش رشی، رتوراج گووند، اجے دت، دنیش موہنیا، پروین کمار، راجیش گپتا اور مدن لال کو ملزم بنایا ہے۔
اس معاملے میں اگلے دن امانت اللہ خاں اور پرکاش جروال کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ دونوں فی الحال ضمانت پر ہیں۔

وزیر اعلی، نائب وزیر اعلی اور ممبران اسمبلی پر تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی، 186، 332، 323، 342،353، 506 (2) کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔