کامیاب ’بھارت بند‘ میں ملک کے جذبہ کا مظاہرہ : کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-September-2018

نئی دہلی : کانگریس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف پیر کواپنے ’بھارت بند‘ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے اسے وسیع پیمانہ پر کامیاب بناکر ملک کے عوام کے جذبات کا مظاہرہ کیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور پارٹی کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ پارٹی کبھی ’بھارت بند‘ جیسے انعقاد نہیں کرتی ہے لیکن مودی حکومت میں عوام کی زندگی مشکل ہوگئی ہے اور ’اچھے دنوں‘ کا خواب پٹرول، ڈیزل او رگیس کی آسمان چھوتی قیمتوں کی وجہ سے چکنا چور ہوگیا ہے ،اس لئے یہ اعلان کرنا پڑا۔

ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور ملک کے عوام کے مسائل پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سنجیدہ نہیں ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس لیڈروں نے کہاکہ بی جے پی کی پالیسیاں عوام مخالف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی قومی عاملہ کی میٹنگ میں ملک کو درپیش چیلنجوں پر بحث ہونے کی بجائے صرف کانگریس کی ہی تنقید کی جاتی ہے ۔ یہ پہلی بار ہہوا ہے کہ برسراقتدار جماعت کی قومی عاملہ کی میٹنگ میں عوامی مسائل پر بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی وزیراعظم نے عوامی مسائل سے وابستہ امور پر کچھ بولا۔

بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لئے انہو ں نے ملک کے عوام اور اپوزیشن جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بند میں 16 جماعتوں نے شرکت کی، بائیں بازو نے الگ سے مظاہرہ کیا۔ اسی طرح سے سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی نے بھی بند کی حمایت میں پروگرام منعقد کئے۔