کانگریس ملک کے باہر تلاش کررہی ہے اتحادی :مودی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-September-2018

بھوپال،(یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اتحاد میں ناکام رہی پارٹی اب ہندوستان کے باہر اتحاد تلاش کررہی ہے۔مسٹر مودی نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی کی مدھیہ پردیش اکائی کی جانب سے یہاں منعقد کارکنان مہا کنبھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہندوستان میں اتحاد بنانے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے اس لئے اب اس کی نظر باہر کی طرف ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اب باہر کے ملک طے کریں گے کہ ہندوستان کا وزیراعظم کون ہوگا۔اسی ضمن میں انہوں نے کہا ہ کانگریس نے اقتدار کھودیا ہے ،لیکن کیا توازن بھی کھودیا؟پاکستان کے سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے گزشتہ دنوں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان کے اگلے وزیراعظم راہل گاندھی ہوں گے اور وزیراعظم نریندرمودی راہل گاندھی سے خوف زدہ ہیں۔اس ٹویٹ کے بعد بی جےپی نے الزام لگایا تھا کہ راہل گاندھی کےلئے پاکستان سے ‘تشہیرہورہی ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس اب ملک کےلئے بوجھ بن گئی ہے اور ایسے لوگوں سے ملک کو بچانابھی شہریوں کا فرض ہے۔انہوں نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سواسو سال پرانی پارٹی،جس کے پاس لاتعدا د سابق مرکزی وزیر،سابق وزیراعلی ،سابق رکن پارلیمنٹ اور سابق رکن اسمبلی ہیں،ایسی پارٹی کو آج خورد بین سے دیکھنا پڑرہا ہے کہ وہ کہیں بچی بھی ہے یانہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئےکہ ایسا کیوں ہوا ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ بی جےپی نے بھی الیکشن ہارے لیکن کبھی ای وی ایم کو اس کا قصوروار نہیں ٹھہرایا،بلکہ اپنا محاسبہ کرتے ہوئے عوام کا بھروسہ جیتا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنے تکبر کی وجہ سے اپنا محاسبہ کرنے کےلئے بھی تیار نہیں ہے۔وزیراعظم نے ایک بار پھر خود کو ‘چائے والا بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو ایک چائے والے کا وزیراعظم بننا اور غریب ماں کے بیٹے شیوراج سنگھ چوہان اور یوگی آدتیہ ناتھ کا کرسی پر بیٹھنا منطور نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ہار کے ڈر سے اتحادکررہی ہے،وہ ملک کی بھلائی کےلئے نہیں ہے،گھمنڈی کانگریس اب چھوٹی چھوٹی پارٹیوں کے پیر پکڑ رہی ہے۔انہوں نے کانگریس پر ووٹ بینک کی سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اسلامک ملکوں میں بھی تین طلاق کی روایت نہیں ہے،لیکن ہندوستان میں جس پارٹی کی سربراہ ایک خاتون ہے،اس پارٹی نے ووٹ بینک کی سیاست کے پیش نظر خواتین کی فکر نہیں کی۔تقریباً 40منٹ کے اپنے خطاب کے آخر میں مسٹر مودی نے کارکنان میں جوش بھرتے ہوئے کہا کہ مخالفین جتنی کیچڑ اچھالیں گے،اتنا ہی کمل کھلتا جائے گا۔