گنگاکی سطح آب بڑھنے سے مختلف مقامات پر لوگ سڑکوں پر گذر کر رہے ہیں:اسامہ قاسمی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-September-2018

کانپور(حافظ محمد ذاکر)گنگا ندی میں سطح آب بڑھنے سے آس پاس کے علاقوں میں لگاتار پانی بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پرلوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر سڑکوں پر گزر کر رہے ہیں۔ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے ایک وفد نے ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی قیادت میں شہر و آس پاس میں آئے سیلاب زدہ علاقو ں خصو صاً شکلا گنج اور گنگا بیراج سے متصل بڑا منگل پور، چھوٹا منگل پور، کٹری شنکر پور سرائے، پہاڑی پور، دبنی پور، دھارم کھیڑا، چین پوروہ سمیت کئی متاثرہ گاؤں کادورہ کرکے معائنہ کیا ۔ دورہ کے بعد صحافیوں سے بات کر تے ہوئے مولانا اسامہ قاسمی نے بتایا کہ وفد نے علاقہ کا دورہ کرکے لوگوں کاجائزہ لیا ہے اور ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جو متاثرین کی لسٹ تیار کرکے دو دن میں پیش کرے گی اس کے بعد سیلاب متاثرین کیلئے راشن کی کٹس ، دوا علاج اور دیگر ضروریات کا انتظا م کرکے ان کیلئے راحتی کام کیا جائے گا۔ واضح ہو کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ بھی جمعیۃ علماء کے اراکین نے ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی نگرانی میں شیولی کٹرہ اور گنگاپار جاجمئو میں راشن کٹس تقسیم اور میڈیکل کیمپ وغیرہ لگوا چکے ہیں۔ دورہ کر نے والے وفد میں مولانامحمد متین الحق اسامہ قاسمی کے ساتھ مولانا محمد انعام اللہ قا سمی ،مولانا فرید الدین قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی ، قاری شمشاداحمد کے علاوہ دیگر علاقا ئی لوگ موجود تھے۔