ہندستانی خواتین کی سری لنکا پر دلچسپ جیت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-September-2018

گالے، ستمبر (یو این آئی ) کپتان متالی راج (52) اور وکٹ کیپر تانیا بھاٹیہ (68) کی شاندار نصف سنچریوں سے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں جمعرات کو سات رنز سے ہرا دیا۔ہندستانی ٹیم کی تین میچوں کی سیریز میں یہ مسلسل دوسری جیت ہے۔ ہندستانی ٹیم نے پہلا میچ نو وکٹوں سے جیتا تھا۔ سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں پانچ میچوں کی ٹوئنٹی 20 سریز کھیلیں گی۔ہندستان نے 50 اوور میں 219 رن بنانے کے بعد سری لنکا کے چیلنج کو 48.1 اوور میں 212 رن پر روک لیا۔ ہندستان کے چار وکٹ صرف 66 رن پر گر جانے کے بعد متالی اور تانیا نے پانچویں وکٹ کے لئے 76 رن کی ساجھےداری کی۔ متالی نے 121 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز میں چار چوکے لگائے۔ متالی کے ون ڈے کیریئر کی یہ 51 ویں نصف سنچری تھی۔تانیا نے 66 گیندوں پر 68 رنز کی تیز اننگز میں نو چوکے لگائے۔ ديالان هیم لتا نے 31 گیندوں پر 35 رن، سمرتی مدھانا نے 14 گیندوں پر 14 رنز اور شکھا پانڈے نے 14 گیندوں پر 14 رن بنائے۔ چامري اٹاپٹو نے 42 رن پر تین وکٹ لئے۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا اننگز میں چامري اٹاپٹو نے 95 گیندوں پر 57 رنز اور ششی کلا سری وردھنے نے 91 گیندوں پر 49 رن بنائے۔ سری لنکا کے پاس 47 ویں اوور تک سات وکٹ پر 205 رن کے اسکور کے ساتھ میچ جیتنے کا اچھا موقع تھا لیکن ہندستانی بولروں نے کسی ہوئی گیند بازی کرتے ہوئے سری لنکا سے یہ موقع چھین لیا۔