ہندوستان کو جونیئر نشانے بازی میں دو اور تمغے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-September-2018

چاگوونا،(آئی این ایس انڈیا) اودے ویر سنگھ نے جونیئر مرد 25 میٹر پسٹل مقابلے میں ذاتی طلائی تمغہ جیتنے کے علاوہ جمعرات کو عالمی نشانے بازی چمپئن شپ میں ہندوستان کو ٹیم کے طور پر طلائی تمغہ دلانے میں بھی مدد کی۔سولہ سال کے ادے ویر نے انفرادی زمرے میں 587 (پری سیزن میں 291 اور ریپڈ میں 296) کا اسکور بنا کر امریکہ کے ہنری لیوریٹ (584) اور کوریا کے لی جیک لیون (582) کو پچھاڑکر طلائی تمغہ جیتا۔ہندوستان کے ہی وجے ویر سدھو 581 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔راج کنور سنگھ سندھو نے 568 پوائنٹس کے ساتھ 20 واں مقام حاصل کیا۔ ہندوستانی تکڑی نے 1736 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم طلائی تمغہ جیتا۔چین نے 1730 پوائنٹس کے ساتھ سلور جبکہ کوریا نے 1721 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔سینئر مقابلے میں شراج شیخ مرد سکیٹ کوالیفکیشن کے پہلے دن کے بعد 49 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر چل رہے ہیں۔انگد ویر سنگھ 47 کے اسکور سے 69 ویں جبکہ معراج احمد 41 کے اسکور کے ساتھ 79 ویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستانی ٹیم 137 پوائنٹس کے ساتھ 16 ویں نمبر پر چل رہی ہے۔ ہندوستان کو 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل میں بھی کوئی تمغہ نہیں ملا۔گرپریت سنگھ 581 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں نمبر پر رہے جبکہ لندن اولمپکس کے سلور میڈلسٹ وجے کمار ان سے پیچھے رہے۔وجے نے 576 پوائنٹس کے ساتھ 24 واں مقام حاصل کیا۔ان سے ایک مقام پیچھے دولت مشترکہ کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ انیش بھانوالا رہے جنہوں نے یہی اسکور بنایا لیکن اندرونی 10 پوائنٹس کے کم اسکور کے سبب وہ پیچھے رہے۔ ہندوستانی ٹیم 1733 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ ہندوستانی ٹیم نو طلائی، آٹھ چاندی اور سات کانسی کے ساتھ کل 24 تمغے جیت کر چوتھے نمبر پر چل رہی ہے۔بین الاقوامی شوٹر کھیل فیڈریشن کے اس مقابلے میں یہ ہندوستان کا بہترین کارکردگی ہے۔