سپریم کورٹ نے سیل توڑنے پر منوج تیواری کو طلب کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-September-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) مشرقی دہلی میں ایک دکان کی سیل توڑنے کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی یونٹ کے صدر اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری گھرتے جا رہے ہیں۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے انہیں طلب کیا ہے۔

جسٹس مدن بی لوكر، جسٹس ایس عبدالنذیر اور جسٹس دیپک گپتا کی خصوصی بنچ نے مسٹر تیواری کو عدالت کی توہین کا نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 25 ستمبر کو عدالت میں ذاتی طور پر موجود رہنے کی ہدایت دی۔

خصوصی بینچ نے دکان کی سیل توڑنے کے بارے میں نگرانی کمیٹی کی رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے مسٹر تیواری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔

رپورٹ پڑھنے کے بعد کورٹ نےسیل توڑے جانے کے واقعہ کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی حیرت کی بات ہے کہ ایک منتخب نمائندے نے عدالت عظمی کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔

سیلنگ معاملے میں انصاف دوست کا کردار ادا کرنے والے سینئر وکیل رنجیت کمار نے کمیٹی کی رپورٹ بینچ کے سامنے پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں مسٹر تیواری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔