انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف دوسرا ون ڈے31 رنز سے جیت لیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

دمبولا ، (یو این آئی ) جو روٹ (71 رن) اور کپتان مورگن (92 رن) کی نصف سنچری اننگز سے انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف بارش سے متاثر دوسرے ون ڈے بین الاقوامی میچ کو ڈی ایل وائی نظام سے 31 رنز سے جیت لیا۔ اسی کے ساتھ مہمان ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز کو 1-0 سے اپنے نام کر لیا ہے۔بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت ہوا۔میزبان سری لنکا ٹیم نے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 29 اوورز میں 5 وکٹوں پر 140 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد بقیہ اوور کا کھیل ممکن نہ ہو سکا اور ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت انگلش ٹیم 31 رنز سے فتح یاب رہی۔کپتان ایون مورگن نے 92، جوروٹ نے 71 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔کرس ووکس نے 3 اور عادل رشید نے 2 وکٹیں لیں۔لست ملنگا کی محنت بھی رائیگاں گئیں، انہوں نے 5 وکٹیں لی تھیں، مورگن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔دمبولا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کے کپتان دنیش چنڈیمل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا۔مہمان انگلش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 278 رنز بنائے۔جیسن روئے صفر، جونی بیئرسٹو 26، بین اسٹوکس 15، جوز بٹلر 28، معین علی صفر، کرس ووکس 5 اور لیام ڈاسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ملنگا نے 5 جبکہ پردیپ، دھننجہیہ ، تھسارا پریرا اور دھنننجے نے ایک، ایک وکٹ لی۔جواب میں سری لنکا ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 31 کے ا سکور پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے، نیروشن ڈکویلا 9، اپل تھرنگا صفر، کپتان چنڈیمل 6 اور شناکا 8 رنز بنا کر چلتے بنے۔74 کےا سکور پر کوشل پریرا 30 رنز بنانے کے بعد ڈاسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر تھسارا پریرا اور ڈی سلوا نے میدان سنبھالا، دونوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 اوورز میں ٹیم کا اسکور 140 تک پہنچایا تھا کہ بارش شروع ہو گئی۔طویل انتظار کے بعد جب بارش نہ رکی تو امپائرز نے ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت انگلش ٹیم کو 31 رنز سے فاتح قرار دے دیا۔پریرا 44 اور ڈی سلوا 36 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کرس ووکس نے 3، عادل رشید نے 2 اور ڈاسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔