کھیل

آسٹریلیا کی اننگ 202 رنز سمٹی

Profile photo of Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-October-2018

دبئی، (یو این آئی ) بلال آصف(36 رنز پر 6 وکٹ ) اور محمد عباس (29 رنز پر 4 وکٹ )کی شاندار گیند بازی کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان نے دبئی ٹیسٹ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے جہاں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنالئے ہیں ۔ اوپننگ بلے باز امام الحق 23 رنز بنا کر بیٹنگ کررہے ہیں ۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دن کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصان پر 45رنزا سکور کرلیے ہیں ۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روزپاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا ،محمد حفیظ17رنز بنا کر جان ہالینڈ کا شکا ر بنے جبکہ نمبر تین پر بیٹنگ کیلئے بھیجے گئے بلال آصف بغیر کوئی رن بنائے ناتھن لیون کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ، اظہر علی 4رن بنا کر ہالینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوگئے ۔اس سے قبل دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 202 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان نے فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا ۔ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلوی اوپنرز کے سوا کوئی بلے باز نمایاں بیٹنگ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو آسٹریلیا پر 280 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو ایرون فنچ 13 اور عثمان خواجہ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایرون فنچ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 160 تک پہنچا تو شان مارش 7 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کا شکار بنے۔اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، مچل مارش 12، پیٹر سڈل 10 اور کپتان ٹم پین 7 رنز بناسکے جب کہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔مہمان ٹیم کی بیٹگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اوپننگ شراکت کے بعد تمام 10وکٹیں صرف 60رنز کے اضافے سے گریں اور سات کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔بلال آصف نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلی ہی ٹیسٹ اننگز میں آسٹریلیا کے 6 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عباس نے 4وکٹیں اپنے نام کیں، وہاب ریاض اور یاسر شاہ جیسے تجربہ کار باولرز وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar