حکومت گاندھی کے خوابوں کا ہندستان بنانے کیلئے پابند عہد:رگھوور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-October-2018

رانچی (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ ماں بھگوتی سے یہی ارادھنا ہے کہ ہر جھارکھنڈی کے دل کی ہر آرزو پوری ہو۔ گھر گھر میں خوشحالی آئے اور جہالت کی تاریکی دور ہو۔ جھارکھنڈ علم کا مرکز بنے ، انہوں نے کہا کہ آج کے دن خواتین کی اختیار کاری کی کی طف ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے سلائی تربیتی مرکز کا افتتاح اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ حکومت خواتین کی اقتصادی اختیار کاری کیلئے کتنی سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ماں کی طاقت سے چل رہی ہے۔ یہ طاقت مختلف شکل میں ہر جگہ نظر آتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سوچ تھی کہ بھارت آزادی کے بعد خود کفالت کی طرف بڑھے۔ ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کاکام اور ان کے خوابوں کا ہندستان بنانے کا کام ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کررہے ہیں ۔ انہوں نے ملک کے عوام کو یہ یقین دلایا ہے کہ وہ گاندھی کے خوابوں کا ہندستان بناکر ہی رہیںگے۔ باپو نے ہندستانیوں سےا پیل کی تھی کہ وہ زیادہ سے زیادہ کھادی کا استعمال کریں ، جس سے کھادی کا استعمال بڑھے اور اس کو تیار کرنے والوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گھروں میں کھادی کا چادر اور پردے کا استعمال کریں۔ گھر میں، دفتر میں ہر کام میں کھادی کا استعمال کرنے سے ضرورت کی تکمیل کے علاوہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نشہ سماج کیلئے کوڑھ جیسا ہے۔ نشے سے پورا خاندان تباہ ہوجاتا ہے۔ محکمہ آبکاری کو بھی حکومت نے سخت ہدایت جاری کی ہے۔ سماج میں بھی بیداری لانے کاکام کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج بجلی کے بغیر ترقی کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ 2014 میں ریاست میں 118 گریڈ ہونا چاہئے تھا لیکن صرف 38 تھا۔ وزیراعلیٰ بننے کے بعد جھارکھنڈ میں 80 گریڈ اور 257 سب اسٹیشن قائم کر کے ریاست میں بجلی کی حالت کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے اندر جھارکھنڈ کے ہر خاندان کو 24 گھنٹے بجلی ملنے لگے گی۔