سرکاری منصوبوں کی زمینی حقیقت جاننا ہے لوک سنواد کا مقصد : چندر شیکھر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-October-2018

دربھنگہ :(عبدالمتین قاسمی )عام لوگوںکی بات سننے سے پنچایت اور گاؤں سطح پر سرکاری منصوبوں کے نفاذ کی زمینی حقیقت کا انداز ہوتا ہے اور عوامی شکایتوں کو دور کرنے کیلئے اچھے مشورہ بھی آتے ہیں ۔ یہ باتیں ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے کیرت پور بلاک کے جمال پور پنچایت میں منعقد لوک سنواد پروگرام میں کہی ۔ انہو ںنے کہا کہ سات مقاصد پروگرام عام لوگوں کے طرز زندگی اور سہولیات سے وابستہ منصوبہہے اور اس کا صحیح طریقہ سے نفاذ ہونا بے حد ضروری ہے اور اس کیلئے عام لوگوں کی بڑی حصہ داری ضروری ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کو لوک سنواد پروگرام میں ضرور رکھیں ان کے تمام مسائل کو پوری سنجیدگی کے ساتھ سنا اور حل کیا جائے گا ۔ بلاک پرمکھ نے پنچایت میں موجود مسائل سے واقف کرانے کے ساتھ ساتھ کوسی کے بغل سے بہنے والی گیہنواں ندی پر باندھ بنانے کا مطالبہ کیا ۔اس کے جواب میں ضلع مجسٹریٹ نے یقین دلایا کہ وہ اس کیلئے محکمہ سے بات کریں گے ۔ مکھیا اور عام لوگوں نے بھی سماجی تحفظ پنشن ، مہادلت کی رہائش کے قابل زمین ، پل ، سڑک اورٹیچروں کی کمی جیسے مسائل سے ضلع مجسٹریٹ کو واقف کرایا ۔چنانچہ ڈی ایم نے گاؤں کی سڑک کو وزیر اعظم دیہی سڑک منصوبہ کے تحت مرمت کروانے کی ہدایت ایزکیٹو انجینئر دیہی امورمحکمہ کو دیا ۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ اگر مستحق لوگوںکے گھر کے پاس سرکاری زمین موجود ہوگی تو اسے ہی الاٹ کیا جائے گا ۔لیکن زمین نہیں رہنے کی صورت میں زمین خرید کر ایسے لوگوں کو رہائش کیلئے دیا جائے گا ۔ سماجی تحفظ آفیسر اور بی ڈی او کو ہدایت دیا گیا کہ جن لوگوںکو پنشن ملنے میں دشواری ہورہی ہے اس کا انفرادی طور پر مسئلہ حل کریں اور پنشن کھاتوں میں بھیجنا یقینی بنائیں ۔ ضلع مجسٹریٹ نے لوگوں سے اپیل کیا کہ سرکاری منصوبہ کافائدہ حاصل کرنے کیلئے کسی قسم کے بہکاوے میں نہ آئیں اور کسی کو ناجائز رقم نہ دیں ۔ وزیر اعظم رہائش منصوبہ ، بیت الخلاء یا کسی دوسرے منصوبہ کا فائدہ دینے کیلئے کسی بچولیے کے ذریعہ رقم مانگی جاتی ہے تو، اس کی شکایت مقامی افسران سے کریں ۔قصور وار افسران پر کاروائی ہوگی ۔ اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے چھوٹے ہوئے لوگوں سے اپنا نام ووٹر لسٹ میں جوڑنے والے کی اپیل کی ۔ پروگرام میں آنگن باڑی میں جاری تغذیہ مہم اور دوسرے منصوبوں کی جانکاری دی گئی اور لوگوں سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی گئی ۔ جمال پور واقع اسکول میں ٹیچروں کی کم تعداد پر ضلع مجسٹریٹ نے ضلع ایجوکیشن افسر کو حکم دیا کہ وہ ان اسکولو ں میں ضرورت کے مطابق ٹیچردیں ۔