صفائی کیلئے پوجا پنڈالوں کو انعام دیا جائے گا:رگھوور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-October-2018

رانچی (معیز الدین خان) : وزیراعلیٰ رگھوور داس نے درگا پوجاکے موقع پر ریاست کی سبھی پوجا کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ پوجا پنڈال اور اس کے آس پاس صفائی کا خاص اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کیلئے نوجوان دستہ بناکر لگاتار صفائی کو یقینی بنائیں۔ ہر ضلع انتظامیہ صفائی کیلئے بہترین پوجا پنڈال کو انعام سے نوازے گا۔ وزیراعلیٰ نے یہ بات رانچی مہانگر درگا پوجا سمیتی اور رانچی ضلع درگا پوجا سمیتیکے ارکان سے بات چیت کے دوران کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوجا کے دوران پاکیزگی کا بھی خیال رکھیں ۔ جوش میں نہ آئیں اور پورے صبر اور سکون کے ساتھ بھکتوں کا خیر مقدم کریں۔ کسی افواہ کو نہ پھیلنے دیں۔ صفائی اور پاکیزگی کے علاوہ تحفظ کا بھی خاص خیال رکھیں۔