عدم تشدد کو اپناکر ہی مضبوط سماج کی تعمیر ممکن:رگھوور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-October-2018

رانچی ،(معیز الدین خان): بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر گورنر دروپدی مرمو اور وزیراعلیٰ رگھوور داس نے مورہابادی کے باپو واٹیکا میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی گلپوشی کر کے انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ بابائے قوم ہم بابائے قوم کے دکھائے ہوئے راستے پر چل کرہی ایک خوشحال جھارکھنڈ اور خوشحال بھارت کی تعمیر کرسکتے ہیں۔ عدم تشدد کے راستے پر چل کر ہی مضبوط سماج کی تعمیر ممکن ہے۔ ہم سبھوں کو ذات اور دھرم کی لڑائی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ رگھوور داس نے رانچی کے آڈرے ہائوس کا نام گاندھی جی کے نام پر گاندھی میموریل بھون کرنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ آج جھارکھنڈ 99 فیصد تک اوڈی ایف ہوگیا ہے۔ پوری ریاست میں صفائی کے معاملے میں لوگوں میں بیداری آئی ہے۔ 2014 سے پہلے جھارکھنڈ صرف 16 فیصد او ڈی ایف تھا۔ 15 نومبر 2018 تک ہمارا ہدف صد فیصد او ڈی ایف کرناہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 2اکتوبر 2014کو تمام ملک کے عوام سے یہ اپیل کی تھی کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پر ہم سوچھ بھارت ان کے قدموں میں پیش کریںگے۔ اس نشانے کو حاصل کرنے میں جھارکھنڈ بھی اپنا کردار نبھارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صدفیصد بیت الخلا کا استعمال ہو، اس بات کو یقینی بنایاہم سب کا نصب العین ہونا چاہئے۔ اس کیلئے مشن موڈ میں لوگوں کے درمیان بیداری لائیں۔ صفائی صرف سرکاری کوششوں سے ممکن نہیں ہے۔ اس کیلئے سب کوپابند عہد ہونےکی ضرورت ہے۔ مجھے کیا، میرا کیا کے جذبے سے باہر نکل کرسماج کی ترقی میں تعاون دیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج سے بابائے قوم کے 150 ویں یوم پیدائش سال کی شروعات پورے ملک میں جوش وخروش کے ساتھ ہورہی ہے۔ آج ہی کے دن بابائے قوم کا جنم ہوا تھا ۔ انہوں نے عدم تشدد کو اپنی طاقت بناکر ملک کو آزاد کرانے میں اہم کردار نبھایا تھا۔ بابائے قوم کے وقار کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔