متھلانچل سے ہی مضبوط ہو کر ایک بار پھر ملک کی قیادت کریگی کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-October-2018

دربھنگہ : (عبدالمتین قاسمی )قومی صدر راہل گاندھی کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے مجھے بڑی ذمہ داری سونپی ہے،میں اس ذمہ داری کو پارٹی لیڈران و کارکنان کی مدد سے پوری کرنے کی کوشش کروں گا اور سبھی ذات ،طبقہ کو ساتھ لے کر چلنے اورآگے بڑھنے کی کوشش کروں گا ۔مذکورہ باتیں کانگریس کے نو منتخب ریاستی صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا نے لہریاسرائے واقع ضلع کانگریس دفتر میں منعقد کارکنان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہو ںنے نوٹ بندی سے لے کر رافیل ڈیل تک مودی حکومت کے ذریعہ کئے گئے گھوٹالوں کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی سخت نکتہ چینی کی اور اسے عوام کے حق میں پوری طرح ناکام قرار دیا ۔اس سے قبل دربھنگہ پہنچے بہار اسٹیٹ کانگریس کمیٹی کے نو منتخب صدر اور ایم ایل سی ڈاکٹر مدن موہن جھا اور ان کے ہمراہ موجود رکن اسمبلی امیت کمار ٹنا ، ایم ایل سی پریم چندر مشر ، کانگریس لیڈر جیا مشرا ، ونیتا جھا کا پارٹی کارکنان نے والہانہ استقبال کیا ۔چنانچہریاستی صدر ڈاکٹر مدن موہن جھا کا قادر آباد ، کٹھلواری ، انکم ٹیکس چوراہا ، دنار الل پٹی ، کرپوری چوک وغیرہ درجنوں مقامات پر پھول مالا پیش کرکے زور دار استقبال کیاگیا ۔ کانگریس دفتر میں پروگرام کی شروعات بہار سرکار سے سابق وزیر تعلیم ڈاکٹر ناگیندر جھا کی تصویر پر گلپوشی کے ساتھ ہوئی اور اس موقع پر قومی ترجمان پریم چندر مشرا نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ کہتے ہیں کہ کانگریس نے کیا کیا ۔ کیا انہیں نہیں معلوم کہ کانگریس نے ملک کو آزادی دلائی ، پنڈٹ نہرو نے انگریزوں کے جنتے ظلم برداشت کئے ہیں شاید اتنا کسی نے نہیں کیا ہوگا ۔ نہرو جی نو سال تک جیل میں بند رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے مرکزی حکومت کو جواب دیا جائے اور متھلانچل سے ہی کانگریس مضبوط ہو کر پھر سے ملک کی قیادت کرے گی ۔ رکن اسمبلی امیت کمار ٹنا نے بھی مودی حکومت اور ریاست کی نتیش حکومت پر جم کر نشانہ سادھا ۔ پروگرام میں ریاستی صدر نے سینئر کانگریسی لیڈر پروفیسر بھوپ نرائن رائے ، پربودھ کمار سنہا ، پروفیسر دنیش جھا ، عباس علی ، جیون نرائن جھا ، سابق ضلع صدر ڈاکٹر قمر الحسن سمیت دو درجن لیڈران کی عزت افزائی کی ۔ پروگرام کی صدارت ضلع صدر سیتارام چودھری نے کی ۔نظامت کے فرائض پنڈت رام نرائن جھا اور کلمات تشکر ضلع میڈیا انچارج محمد اسلم نے پیش کیا ۔