ملک کی اندرونی سلامتی سے ذرہ برابر لاپرواہی نہیں برتی جائے گی: راج ناتھ سنگھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-October-2018

کلکتہ یکم – ( یو این آئی )ماؤنوازوں ،دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہرممکن کوشش کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا ہے کہ ملک کے سیکورٹی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت مستعد اور چوکس ہے ۔

ایسٹرن زونل کونسل کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ماؤازم، دہشت گردی یا پھر انتہاپسندی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ملک کی سیکورٹی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں ذرہ برابر لاپرواہی نہیں برتی جائے گی اور ہم ملک میں امن وامان کے قیام اور اندرونی سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔

زونل کونسل کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، جھار کھنڈ کے وزیر اعلیٰ رگھو ور داس، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سوشیل کمار مودی، اڑیسہ کے وزیر خزانہ ششی بھوشن بیہرا اور ریاستی ومرکزی حکومت کے سینئرافسران موجود تھے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میٹنگ بہت ہی کامیاب تھا اور 26ایشوز پر غو ر کیا گیا۔

مختلف ریاستوں سے مرکزی فورسیس کوواپس بلائے جانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز کی بھی کچھ مجبوریاں ہیں ۔جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہوتے ہیں وہاں سیکورٹی فورسیس کی تعیناتی ضروری ہوتا ہے مگرانہوں نے یقین دلایا کہ اگر ضرورت محسوس کی گئی تو دوبارہ مرکزی فورسیس کو مہیا کرایا جائے گا۔

وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتا ہوں کہ ریاستوں کو مرکزی فورسیس کی ضرورت ہے مگر مرکزی کی بھی کچھ مجبوریا ں ہیں ۔اگر ریاستوں میں انتخابات ہوتے ہیں تو ہم الیکشن کمیشن کے مطالبے کے مطابق مرکزی فورسیس فراہم کرتے ہیں ۔اگر ضرورت پڑی تو ہم دوبارہ تعیناتی پر غور کرسکتے ہیں ۔