ممتا سرکار روہنگیائی شہریوں کی شناخت کرے : راج ناتھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-October-2018

کلکتہ ( یو این آئی )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مغربی بنگال حکومت سے کہا ہے کہ وہ روہنگیائی شہریوں کی شناخت کریں ، مرکزی حکومت میانمار حکومت سے سیاسی سطح پر بات چیت کے ذریعہ ان روہنگیائی شہریوں کو ڈی پورٹ کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔شمال مشرقی ریاستوں کی زونل کونسل کی میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ریاستوں سے روہنگیائی شہریوں کی شناخت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ان کا بائیو میٹرک شناخت کی جائے اور اس کے بعد مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کریں ۔حکومت میانمار سے سیاسی بات چیت کے ذریعہ اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرے گی ۔اس سے قبل راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ ہندوستان بھر میں موجود تمام روہنگیائای شہری غیر قانونی ہیں ۔ان میں سے کسی کو بھی رفیوجی کا درجہ حاص نہیں ہے ۔انہوں نے سیاسی جماعتوں سے کہا کہ اس مسئلے کو سیاسی نہ بنائیں ۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ روہنگیائی صرف شمال مشرقی ریاستوں میں موجود ہیں بلکہ یہ لوگ جنوبی ریاستوں تک پہنچ گئے ہیں ۔ریلوے پروٹیکشن پولس نے کل کیرالہ اتھارٹی کو متنبہ کیا تھا کہ کیرالہ میں بڑی تعداد میں رفیوجی پہنچ رہے ہیں ۔آر پی ایف نے 14ٹرینوں کی فہرست بھیجی تھی جس میں روہنگیائی گروپ کے کیرالہ پہنچنے کی امید ہے ۔چیف سیکورٹی کمشنر جنوب مشرقی ریلوے نے ریاستی ریلوے انتظامیہ سے کہا کہ اگر روہنگیائی پائے جاتے ہیں تو انہیں آر پی ایف کے حوالے کیا جائے ۔