مولانا مظہرالحق عربی و فارسی یونیورسٹی کےسبھی امتحانات ختم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-October-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر)مولانا مظہرالحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے تحت تمام کورسیز کے امتحانات بہ حسن و خوبی انجام پذیر ہو گئے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد مرزا نے کہا ہے کہ یونیورسٹی نے تعلیمی و امتحانی کلینڈر2018 کو اسٹریم لائن کرنے کے لئے جوہدف مقرر کیا تھا اس میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے معزز گورنروچانسلر یونیورسٹیز آف بہار کی ہدایت کے مطابق تمام کورسیز کے امتحانات منعقد ہو چکے ہیں اور انشاء اللہ یونیورسٹی کا چوتھاجلسۂ تقسیم اسنادبھی ماہ دسمبر میں منعقد کرا لیا جائے گا ۔واضح ہو کہ وائس چانسلر موصوف نے 19؍اپریل کو اپنا عہدہ سنبھالتے ہی یونیورسٹی کے کیمپس کی تعمیر اور تعلیمی وا متحانی کلنڈر کو اسٹیرم لائن کرنے پر پوری توجہ صرف کی۔ مجوزہ پروگرام کے مطابق یونیورسٹی کے تحت چلنے والے متعدد انڈر گریجوئٹ، پوسٹ گریجوئٹ اور ووکیشنل و پروفیشنل کورسیزکے امتحانات 5مئی 2018سے شروع ہوکر01؍اکتوبر2018تک مکمّل ہو گئے ۔مرحلہ وار سبھی نتیجۂ امتحانات بھی شائع ہو چکے ہیںاور بقیہ اس ماہ کے اخیر تک جاری کر دئے جائیں گے۔

بلاشبہ ریاست کے دور دراز اضلاع میں مراکز امتحان سے جوابی کاپیوں کی وصولیابی اورپوری شفافیت کے ساتھ مختلف النوع مضامین کی جوابی کاپیوں کی کوڈنگ، کاپیوں کی جانچ اور ڈی کوڈنگ پھرریزلٹ کی Processingکے تمام ضابطوں کو مکمل کرمقررہ میعاد کے اندرریزلٹ کی اشاعت ایک بڑا چیلنج ہے جسے بہ حسن خوبی پورا کرنے میں یونیورسٹی کے شعبہ امتحان کے تمام کارکنان مخلصانہ اور رضاکارانہ طورپر اپنے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وائس چانسلر موصوف نے امتحان سے وابستہ سبھی ذمہ داران، اساتذہ اورممتحنین کا اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ ہماری مشترکہ محنت اور کاوش یونیورسٹی کو بہت آگے لے جائے گی اور امتیازی مقام پر پہنچائے گی ۔