فن فنکار

می ٹو مہم کو ایشوریا کی حمایت

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-October-2018

ممبئی۔(یو این این )معروف بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن بھی فلم انڈسٹری میں ہونے والی جنسی ہراسانی کے خلاف بول پڑیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے نے ایک انٹرویو میں جنسی ہراسانی کے خلاف لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ ہی جنسی ہراسانی کے خلاف آواز بلند کی، ماضی میں بھی کرچکی ہوں، اب بھی کروں گی اور ہمیشہ آواز بلند کرتی رہوں گی۔ایشوریا رائے نے کہا کہ جہاں تک خواتین کا آواز اٹھانے انہیں قوت دینے اور اپنی بپتا سنانے کا اعتماد دینے کی بات ہے تو یہ صرف اِس وقت کا معاملہ نہیں، ایسا پہلے بھی کئی بار ہوتا رہا ہے، مجھے خوشی ہے کہ اب اس میں شدت پیدا ہوئی ہے اور سوشل میڈیا نے اس گفتگو کو ممکن بنایا ہے یہی وجہ ہے کہ اب دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود کسی بھی عورت کی آواز سنی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ می ٹو( میں بھی ) تحریک وقت کی ضرورت ہے اور مجھے توقع ہے کہ ہم سب مل کر اس تحریک کو مضبوط بنائیں گے۔

About the author

Taasir Newspaper