نصر اللہ گنج میں بدھنی۔ اندور نئی ریل لائن کا سنگ بنیاد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-October-2018

سیہور، (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان نے ضلع کے نصراللہ گنج قصبے میں بدھنی۔ اندور (منگلیا گاؤں) نئی ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھا۔مسٹر چوہان نے کل نئی ریل لائن کے سنگ بنیاد رکھے جانے کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 3 ہزار 262 کروڑ روپے کی لاگت کے اس ریل پروجیکٹ سے لوگوں کو آمد و رفتکے بہتر ذریعہ کے ساتھ علاقے کی ترقی کو رفتار ملے گی۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ اس علاقے کو صنعتی کوریڈور کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔ اس ریل پروجیکٹ میں بدھنی سے اندور تک 6 نئی ٹنل، 64 بڑے اور 47 چھوٹے پُل نیز 29 ریل اوور برج اور 86 روڈ انڈر برج کی تعمیر کی جائے گی۔ مسافروں کی سہولت اور سکیورٹی کےلئے 7 ہالٹ اسٹیشن اور 10 نئے کراسنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس ریل لائن کی تعمیر سے جبلپور اور اندور کی مسافت 68 کلومیٹر کم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ نئی ریل لائن سے دیواس اور اندور اضلاع کو فائدہ ہوگا۔ بدھنی اور اندور کے مابین راست ریل رابطہ ہوجائے گا۔ ریاست کی سب سے بڑی منڈیوں میں سے ایک نصراللہ گنج سمیت نزدیک کے کئی علاقوں کے کسان راست طور پر اندور سے جڑ جائیں گے۔