وزیراعظم نے اقوام متحدہ کےسکریٹری جنرل سے ’یواین ای پی چمپئنس آف دی ارتھ ‘ایوارڈ حاصل کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-October-2018

نئی دہلی – (یواین آئی)وزیراعظم نریندر مودی نے یہاں بدھ کے روز ایک تقریب میں اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق اعلی ترین اعزاز’یواین ای پی چمپئنس آف دی ارتھ‘2018حاصل کیا۔

وزیراعظم نے پرواسی بھارتیہ کیندر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیوگٹریس اور اقوام متحدہ کے ماحولیات سے متعلق پروگرام کے سربراہ ایرک سولہم سے حاصل کیا۔اس موقع پر وزیرخارجہ سشماسوراج ،وزیرماحولیات ہرش وردھن اور وزیرثقافت مہیش شرما سمیت دیگر سرکردہ شخصیات موجود تھیں ۔

اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے سربراہ نے کہا،’’سب سے اہم خام مادہ سونا،تیل ،توانائی یاکوئی دیگر معدنی شے نہیں ہے ۔جوخام مادہ موجود نہیں ہے وہ ہے سیاسی قیادت اور وزیراعظم نریندرمودی ہندستان اور دینا کو یہ فراہم کررہے ہیں ۔ ‘‘

وزیراعظم مودی کو بین الاقوامی شمسی اتحاد کی حمایت میں انکے نمایاں کام اور 2022تک ہندستان میں ایک بار استعمال ہونے والی سبھی پلاسٹک کوختم کرنے کے انکے غیر معمولی عزم کے لئے پالیسی قیادت کے زمرے میں منتخب کیاگیاہے ۔