کانگریس کے ڈی این اے میں ’اتحاد‘ نہیں صرف ’خاندان‘: روی شنکر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-October-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) مدھیہ پردیش اور راجستھان اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کی بہوجن سماج پارٹی کے اعلان پرقانون اور انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے کانگریس پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کے ’ڈی این اے‘ میں اتحاد کی بجائے صرف ایک خاندان ہے۔

مسٹر پرساد نے بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں کہا،’’کانگریس کا کس کے ساتھ کیا رشتہ ہے اس موضوع سے ہمارا کچھ نہیں لینا دینا لیکن بی ایس پی سربراہ محترمہ مایاوتی کے دکھ پر اتنا ہی کہوں گا کہ کانگریس کے ڈی این اے میں اتحاد نہیں ہے اور صرف ایک خاندان ہے‘‘۔ مسٹر پرساد نے براہ راست گاندھی خاندان کا نام نہیں لیا لیکن ان کا اشارہ گاندھی نہرو خاندان کی طرف تھا۔

قابل ذکر ہے کہ محترمہ مایاوتی نے آج ہی اعلان کیا ہے کہ راجستھان اور مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کانگریس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کرے گی۔ اس سے پہلے وہ چھتیس گڑھ میں سابق وزیر اعلی اجیت جوگی کی پارٹی جنتا کانگریس کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکی ہیں۔