کرنٹ لگنے سے 8سالہ بچی کی موت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

بیگوسرائے(بی کے گلشن)، بھگوان پور بلاک کے دامودر پور میں جمعہ کی شام بجلی کرنٹ لگنے سے آٹھ سالہ بچی بری طرح سے زخمی ہوگئی۔ جس کی موت علاج کے لئے بیگوسرائے لیجانے کے دوران راستے میں ہوگئی۔ اس کے بعد واقعہ مشتعل لوگوں نے قادرآباد -پپرا روڈ کو جام کردیا۔ لوگوں کے ذریعہ معاوضہ کی مانگ کی جارہی ہے۔ جانکاری کے مطابق دامودر پور باشندہ ہیمنت کمار ساہ کی لڑکی سرستی کمار ی اپنی ماں کے ساتھ گھر جارہی تھی۔ اسی دوران ایک لوہے کے پول میں ٹکر لگنے سے بجلی کا جھٹکا لگا۔ خاندان والے اسے علاج کے لئے پی ایچ سی لے گئے جہاں سے اسے بیگوسرائے ریفر کردیاگیا۔ راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔ واقعہ کے بعد بی ڈی او سی او تھانہ انچارج کے ذریعہ بجلی محکمہ افسران کو کئی دفعہ فون کیاگیا پر وہ آنے سے کتراتے رہے ۔ جانکاری ملنے پر وہاں پہنچے بچھواڑا ایم ایل اے رام دیو رائے نے ایم ڈی وسی ایم ڈی کے موبائل پر بات کرکے آنجہانی کے خاندان والوں کے محکمہ کی طرف سے 4لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیاگیا۔ بجلی محکمہ کے اعلیٰ افسر نے موجودہ جے ای کو ہٹاکر دوسرے جے ای کو بحال کرنے کا بھروسہ دلایا۔ موقع پر ایم ایل اے نے بھی ایک ہزارروپے امدادی رقم دیا۔ جبکہ بی ڈی او نے خاندانی امدادی مد سے 20 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ مکھیا رہنما سوجت کمار نے اپنے فنڈ سے آخری رسومات کے 3ہزار روپے مہیا کرایا۔ تب پولس نے لاش کو اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بیگوسرائے بھیجا اور تین گھنٹے بعد روڈ جام ختم ہوا۔ اس موقع پر بجلی محکمہ کے ایگزیکٹیوانجینئر نجم الحسن انصاری ، ایس ڈی او شیل کمار ، بی ڈی او اجئے کمار، سی او کمارنلینی کانت تھانہ انچارج دیپک کمار ، ضلع پریشد پنکچ کمار ، یشونت چودھری ، سابق پرمکھ ، کرشن کمار رائے وغیر موجودتھے۔