کینیڈا اور امریکہ آزاد تجارتی معاہدے پر متفق

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-October-2018

واشنگٹن(آئی این ایس انڈیا ) :نیا معاہدہ نافٹا کی جگہ لے گا جو امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے مابین آزاد تجارت کا معاہدہ ہے۔ نافٹا 1994 میں طے پایا تھا جس میں شامل تینوں ممالک کے مابین تجارت کا سالانہ حجم 12کھرب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔امریکہ اور کینیڈا نے آزاد تجارت کے معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے جو دونوں ملکوں اور میکسیکو کے مابین موجود ‘نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ (نافٹا) کی جگہ لے گا۔معاہدے پر اتفاقِ رائے کااعلان امریکی اور کینیڈین حکام نے اتوار کی شب کیا۔ امریکی حکام نے معاہدے پر اتفاقِ رائے کے لیے اتوار کی نصف شب کی ڈیڈلائن مقرر کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ اگر ڈیڈلائن سے قبل کینیڈا نے معاہدے پر اتفاق نہ کیا تو امریکہ اس کے بغیر ہی میکسیکو کے ساتھ معاہدے پر دستخط کردے گا۔امریکہ اور میکسیکو نے اس معاہدے پر اگست کے اواخر میں اتفاق کرلیا تھا جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اگر کینیڈا اس کا حصہ نہ بنا تو ان کی حکومت اسے میکسیکو کے ساتھ دو طرفہ معاہدے کی شکل میں نافذ کردے گی۔کینیڈین حکام کو امریکہ اور میکسیکو کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر تحفظات تھے جنہیں دور کرنے کیلیے دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان مذاکرات ایک ماہ سے جاری تھا۔اتوار کو ڈیڈلائن سے قبل بھی سارا دن دونوں ملکوں کے تجارتی حکام کے درمیان مذاکرات جاری رہے جس کے اختتام پر نصف شب سے کچھ دیر قبل معاہدے پر اتفاقِ رائے کا اعلان کیا گیا۔ امکان ہے کہ صدر ٹرمپ، کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کے صدر اینرک پینا نیتو آئندہ 60 روز کے دوران نئے معاہدے پر دستخط کردیں گے جسے ‘یو ایس – میکسیکو – کینیڈا ایگریمنٹ’ (یو ایس ایم سی اے) کا نام دیا گیا ہے۔ معاہدے کو امریکی کانگریس کی توثیق درکار ہوگی۔