گوتم گمبھیر کی سالگرہ پر سنچری، دہلی سیمی فائنل میں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

بنگلور ،(آئی این ایس انڈیا) کلونت کھیجرولیا کی ہیٹ ٹرک سمیت چھ وکٹ اور کپتان گوتم گمبھیر کی سالگرہ پر لگائی گئی سنچری سے دہلی نے اتوار کو یہاں ہریانہ کو آسانی سے پانچ وکٹ سے شکست دے کر وجے ہزارے ون ڈے ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ہریانہ کی ٹیم 49.1 اوور میں 229 رن پر آؤٹ ہو گئی۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری دہلی کے لئے گمبھیر نے 72 گیند میں 16 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی جس سے ٹیم نے 39.2 اوور میں پانچ وکٹ پر 230 رن بنا کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کی۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہ گمبھیرکی 20 ویں سنچری ہے۔گمبھیر نے اپنی تابڑ توڑ اننگز کے دوران اوپنر انمکت چند (15) کے ساتھ 54 اور دوسرے وکٹ کے لئے دھیرو شورے (50) کے ساتھ 118 رن کی ساجھیداری کی۔راہل تیوتیا نے گمبھیر کو اسٹمپ کرا کر ان کی اننگز کا اختتام کیا۔تین وکٹ لینے والے تیوتیا ہریانہ کے سب سے کامیاب گیند باز رہے۔اس سے پہلے ٹاس جیت کر بلے بازی کے لئے اتری ہریانہ ٹیم کا آغاز بنے حد خراب رہا اور دسویں اوور تک ٹیم نے 37 رن پر تین وکٹ گنوا دیئے۔اس کے بعد اوپنر وشنوی (85) اور پرمود چندیلا (59) نے چوتھے وکٹ کے لئے 120 رن جوڑ کربڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ کھیجرولیا نے اننگز کے 39 ویں اوور کی چوتھی گیند پر وشنوی کا وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑا۔