گیل کا ہندوستان اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے سے انکار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-October-2018

برج ٹاون، (یواین آئی) ویسٹ انڈیز کے جارح بلے باز کرس گیل ہندوستان کے ساتھ 21 اکتوبر سے شروع ہونے والے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کرکٹ سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔دھواں دھار بیٹنگ کے لیے مشہور کرس گیل نے بنگلہ دیش کے خلاف بھی مختصر دورانیے کی کرکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ (ڈبليوآئی سی بي) نے آج آئندہ سیریز کے لئے اپنی ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کر دیا۔لیکن سلامی بلے باز گیل کو محدود اوور کے فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے جنہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سیریز سے باہر رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیل نے حال ہی میں لسٹ اے کرکٹ کو بھی الوداع کہہ دیا تھا۔ہندوستان کے خلاف سیریز میں آف اسپنر سنیل نارائن کو بھی 15 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں چندرپال ہیمراج، فابين ایلن اور اوشانے تھامس کے طور پر تین نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔ جیسن ہولڈر کو ون ڈے ٹیم کی کپتانی دی گئی ہے جبکہ كارلوس بریتھویٹ ٹوئنٹی 20 ٹیم کی قیادت کریں گے۔ڈیرن براوو اور آل راؤنڈر کیرن پولارڈ کی تاہم محدود اوور کے فارمیٹ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ آل راؤنڈر آندرے رسل کو ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ رسل چوٹ کی وجہ ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں۔ویسٹ انڈیز کرکٹ کا کہنا ہے کہ کرس گیل نے ہندستان اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی سلیکشن کے لیے انکار کر دیا ہے لیکن وہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور ورلڈ کپ کے لیئے دستیاب ہوں گے۔کرس گیل کا کہنا ہے کہ ابھی مجھے اپنی زندگی گزارنے کے لیئے وقت درکار ہے ۔