سیاست سیاست

ہم خدمت خلق کیلئے سیاست میں آئے ہیں:نتیش

Profile photo of Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-October-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر) : وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ وہ صرف خدمت خلق کیلئے سیاست میں آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ لوک نائک جئے پرکاش نارائن کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقد جے ڈی یو وراٹ چھاتر سنگم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کی زندگی میں سیاست کی بڑی اہمیت ہے۔ ہم سب 1974 کی جے پی تحریک میں شامل رہے ہیں۔ہم لوگ طالب علمی کے زمانہ میں سماجوادی نظریے سے متاثر تھے اور 1969 میں سماجوادی یوجن سبھا کے ممبر بنے تھے۔ طالب علمی کے دور میں کئی کتابیں پڑھیں، کئی رہنمائوں کی تقریریں سنی، ایک بار رام منوہر لوہیا کی تقریر سننے کا موقع 1967 میں ملا۔ مختلف رہنمائوں کو پڑھنے اور سننے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ اس ملک کیلئے گاندھی ،لوہیا اور لوک نائک کے نظریات ہی اہمیت کے حامل ہیں اور ان پر عمل کر کے ہی سماج کی خدمت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم انجینئرنگ کالج میں تھے اس وقت اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ 67 دن تک چلنے والی تحریک کے دوران صرف دو دن کلاس نہیں چلی تھی۔ اس سے وائس چانسلر متاثر ہوئے اور انہوں نے آکر کہا کہ آپ لوگوں کے مطالبات جائز ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاست اصولوں پر مبنی ہونی چاہئے۔ اس کی تعلیم ہمیں طالب علمی کےزمانے سے ہی ملی اور آج تک ہم اس پر عمل کررہے ہیں۔ 1977 اور 1980 کے اسمبلی انتخاب میں ہم ہار گئے ۔ 1985 کے چنائو سے پہلے ہم نے اپنے حلقے کے لوگوں سے کہا کہ اس بار ہم چنائو ہار جائیںگے تو اگلی بار چنائو میں حصہ ہی نہیں لیںگے۔ اس کا اثر عوام پر پڑا اور انہوں نے مجھے کامیاب بنایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے 7سماجی گناہ بتائے تھے، ان میں سے ایک غیر اصولی سیاست ہے۔ آج کے نوجوانوں کو اس بات کو سمجھنا چاہئے کہ سیاست ایک اہم موضوع ہے، اس میں دلچسپی ضروری ہے۔ آپ ملک کے مستقبل ہیں ۔ طالب علمی کے زمانے میں پڑھنے اور سیکھنے پر خاص دھیان دینا ہے۔ اپنے آس پاس اور دیش دنیا میں ہونے والے واقعات پر دھیان دینا ہے۔ علم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ نظریاتی پختگی کے ساتھ سیاست میں قدم رکھیں۔ اگر آپ میں خدمت کا جذبہ ہے تو کوئی سیاسی پس منظر نہ رہتے ہوئے بھی آپ سیاست میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔اس سے قبل وزیراعلیٰ نے آنجہانی لوک نائک کی تصویر پر عقیدت کے پھول نذر کئے۔ جبکہ وزیراعلیٰ کا خیرمقدم پھولوں کا ایک بہت بڑا ہار پہنا کر اور سبز پگڑی پہنا کر کیا گیا۔ اس موقع پر جنتا دل یو کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ کے علاوہ چھاتر جنتا دل یو کے ریاستی صدرشیام پٹیل ، رکن اسمبلی اشوک سنگھ سمیت کئی رہنما موجود تھے۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar