ہندستان نے دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

حیدرآباد، (یو این آئی ) فاسٹ بولر امیش یادو (133 رن پر 10 وکٹ) کے کیریئر کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندستانی کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے ہی دن اتوار کو 10 وکٹ سے یکطرفہ جیت اپنے نام کے ساتھ سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کر لی۔ہندستان نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کو 46.1 اوور میں 127 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا جس سے اسے 72 رنز کا معمولی ہدف حاصل ہوا تھا اور اس نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے سے چند اوور پہلے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 16.1 اوور میں 75 رن بنانے کے ساتھ جیت اپنے نام کر لی ۔ نوجوان بلے باز پرتھوی شا نے چوکا لگا کر ہندستان کے لیے جیت کا رن بنایا انہوں نے ناٹ آؤٹ 33 رن اور لوکیش راہل نے ناٹ آؤٹ 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ہندستان نے اس سے پہلے راجکوٹ ٹیسٹ کو بھی تین دن میں ختم کر دیا تھا جس میں اسے اننگز اور 272 رنز سے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی ملی تھی۔ ہندستان نے اسی کے ساتھ دوسرا میچ 10 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا اور سریز کو 2-0 سے جیتا جو اس ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل ساتویں سریز جیت ہے۔پرتھوی نے 45 گیندوں کی اننگز میں چار چوکے لگائے جبکہ راہل نے 53 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ پہلے ٹیسٹ میں سنچری کے ساتھ ڈیبو کرنے والے پرتھوی نے اس میچ کی پہلی اننگز میں 70 رن بنائے تھے۔ ہندستان کو پہلی اننگز میں برتری میں بھی پرتھوی کا اہم کردار رہا۔ صبح ہندستان کی پہلی اننگز لنچ تک 367 رن پر سمٹ گئی تھی جس سے اسے 56 رنز کی برتری ملی۔ہندستان کی معمولی برتری سے ایک وقت ویسٹ انڈیز میچ میں کنٹرول میں لگ رہی تھی لیکن ہندوستانی بولروں خاص طور 30 سالہ تجربہ کار فاسٹ بولر امیش نے اپنی کارکردگی سے مہمان ٹیم کو اس کی دوسری اننگز میں ٹکنے ہی نہیں دیا اور اوپنر كارلوس بریتھویٹ کو صفر پر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکر دوسری ہی گیند پر ہندستان کو پہلا وکٹ دلا دیا۔ اس کے بعد کیرون پاول روی چندرن اشون کی گیند پر اجنکیا رہانے کو کیچ دے بیٹھے اور ونڈیز کے دونوں اوپنر کھاتہ کھولے بغیر لوٹ گئے۔ویسٹ انڈیز کے لیے دوسری اننگز میں مڈل آرڈر کے سنیل امبريس نے 95 گیندوں میں چار چوکے لگا کر سب سے زیادہ 38 رن بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے جبکہ شائي ہوپ نے 28 رن جوڑے جنہیں جڈیجہ نے آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے صرف 68 رن تک اپنے پانچ وکٹ کھو دیئے۔ روسٹن چیز (6) اور شین ڈارچ (0) پر دونوں بلے بازوں کو بولڈ کیا۔ کپتان جیسن ہولڈر 19 رن ہی بنا پائے اور رویندر جڈیجہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔