اس کا موازنہ کسی سے نہ کریں:وراٹ کوہلی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-October-2018

حیدرآباد ،(آئی این ایس انڈیا) ٹیم انڈیا کے کپتان کپتان وراٹ کوہلی نے پرتھوی شا کا موازنہ کسی دوسرے کھلاڑی سے نہ کرنے اور اس نوجوان اوپنر کو کرکٹر کے طور پر تیار ہونے کے لئے کافی وقت دینے کی اپیل کی ہے۔غور طلب ہے کہ پرتھوی شا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف راجکوٹ ٹیسٹ میں سنچری لگاکراپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ہے، اس کے بعد سے کرکٹ مداحوں،میڈیا اور کچھ مبصرین ان کا موازنہ ان سچن تندولکر اور وریندر سہواگ سے بھی کرنے لگے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے موقع پر کوہلی نے پریس کانفرنس میں کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ پرتھوی پر ابھی کچھ کہنا جلد بازی ہوگی۔آپ کو اس نوجوان کھلاڑی کو اپنی صلاحیت کے مطابق آگے بڑھنے کے لئے مقام دینا چاہئے۔وہ انتہائی باصلاحیت ہے اور جیسا کہ ہر کسی نے دیکھا کہ اس میں کافی مہارت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یقینی طور پر چاہتے ہیں کہ اس نے پہلے میچ میں جیسا مظاہرہ کیا، اسے آگے بھی جاری رکھے۔ وہ سیکھنے کا خواہش مند ہے اور تیز طرار ہے۔وہ حالات کا اچھی طرح اندازہ کرتا ہے۔ہم سب اس سے خوش ہیں۔کوہلی نے اوپنر گوتم گمبھیر کے اس بیان سے بھی اتفاق کیا جنہوں نے بدھ کو کہا تھا کہ لوگوں کو پرتھوی کا موازنہ وریندر سہواگ سے نہیں کرناچاہئے۔کوہلی نے کہاکہ ہمیں ابھی اس کا موازنہ کسی سے نہیں کرنا چاہئے۔ہمیں اس طرح کی پوزیشن میں نہیں رکھنا چاہئے جہاں وہ کسی طرح کا دباؤ محسوس کرے۔اس کو ہمیں وہ مقام دینا چاہئے جہاں وہ اپنے کھیل کا لطف اٹھائے اور آہستہ آہستہ ایسے کھلاڑی کے طور پر تیار ہو جیسا ہم سب چاہتے ہیں۔ ہندوستان اے کے دوروں اور انڈر -19 ٹورنامنٹ کے براہ راست نشریات سے نوجوان جلد ہی اپنی شناخت بنا رہے ہیں اور کوہلی نے مانا کہ اب یہ نوجوان دباؤ برداشت کرنے کیلئے بہتر طریقے سے تیار رہتے ہیں۔کوہلی نے کہاکہ یقینی طور یہ ایک وجہ ہو سکتی ہے کیونکہ وہ اس ماحول میں کھیل چکے ہوتے ہیں جس میں بین الاقوامی میچ کھیلا جاتا ہے۔لیکن ملک کی جانب سے کھیلنے کا ہمیشہ دباؤ ہوتا ہے۔جب آپ صبح یہ کیپ پہننے ہو تو تھوڑا دبائو میں رہتے ہو اور مجھے لگتا ہے کہ ہر کوئی یہ دباؤ محسوس کرتا ہے۔کوہلی نے کہاکہ لیکن یہ دباؤ 10-15 سال پہلے جیسا نہیں ہے جب آپ کو اس طرح کی کرکٹ کھیلنے کا کوئی تجربہ نہیں رہتا تھا اور اچانک ہی آپ کو ہندوستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں کھیلنے کا موقع ملتا تھا۔