آفریدی صفر پر آؤٹ ہونے کے منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

شارجہ ، (یو این آئی) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اور کپتان شاہد آفریدی دنیا بھر کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس میں صفر پر آؤٹ ہونے کے منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے ہیں ۔38سالہ شاہد آفریدی افغانستان پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پکتیکا پینتھرز کی نمائندگی کرتے ہوئے قندھار نائٹس کے خلاف دو گیندیں کھیل کر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے جس کے ساتھ ہی وہ تمام ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس میں صفر پر آؤٹ ہونے کے منفرد منفی ریکارڈ کے مالک بن گئے جس میں انڈین پریمیئر لیگ ، پاکستان سپر لیگ ، سری لنکن پریمیئر لیگ ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ ،آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ،انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2007شامل ہیں۔افغان پریمیئر لیگ میں اب تک آفریدی انتہائی ناکام ثابت ہوئے اور لیگ میں 1 ، 19، 1اور اب 0 بنائے ہیں، پکتیکا پینتھرز کے لیے ان چارمیچوں میں وہ 60.50 کی اوسط سے محض2 وکٹیں ہی حاصل کرپائے ہیں۔شاہد آفریدی نے پاکستانی کےلئے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کا آغاز2006میں برسٹل کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کیا تھا اور اپنے کیریئر میں 99ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ،انہوں نے پاکستان کےلئے 17.92کی اوسط سے1416رنزا سکور کیے تھے ۔یاد رہے کہ افغان پریمیئر لیگ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے جس میں شاہد آفریدی بھی ایکشن میں نظر آرہے ہیں ۔ اس لیگ کے پہلے ایڈیشن کے مقابلے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر 21 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے ۔ لیگ میں شریک 5 فرنچائز کو افغانستان کے مختلف شہروں سے منسوب کیا گیا ہے جن میں قندھار نائٹس، بلخ لیجنیڈز، کابل زوان، پکتیا پینتھرز اور ننگر ہار لیوپرڈز شامل ہیں۔افغان پریمیئر لیگ میں افغان کھلاڑیوں کے ساتھ دیگر 8 ممالک کے 40 کے لگ بھگ انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شرکت کررہے ہیں۔پاکستان کی طرف سے واحد نمائندگی آفریدی کے حصے میں آئی ہے جو پکتیا پینتھرز کی نمائندگی کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کی منظور شدہ لیگ میں اپنے کسی بھی موجودہ کرکٹر کو کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا اور صرف ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو این او سی دینے کا اعلان کیا تھا۔ کامران اکمل، عمر گل، سہیل تنویر اور محمد عرفان اسی وجہ سے لیگ کا حصہ نہیں بن سکے۔