اکبر کے ہتک عزت کے معاملے میں مودی اپنا موقف واضح کریں :کانگریس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) کانگریس نے وزیر مملکت برائےامور خارجہ ایم جے اکبر پر لگنے والے جنسی استحصال کے الزامات کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی خواتین کے احترام کا معاملہ ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اس پر خاموشی توڑکر اپنا رخ واضح کرنا چاہئے۔

کانگریس کے ترجمان آر پی این سنگھ نے پیر کے روز یہاں پارٹی کے باقاعدہ پریس بریفنگ میں کہا کہ مسٹر مودی ہر معاملہ پر اپنی بات رکھتے ہیں لیکن اس طرح کے معاملے پر وہ اکثر خاموش رہتے ہیں۔ خارجہ امور کے وزیر مملکت پر سنگین الزام لگائے گئے ہیں اور اس پر مسٹر مودی خاموش نہیں رہ سکتے۔ انہیں بتانا ہوگا کہ ہتک عزت کا معاملہ اسی کے کہنے پر درج کرایا گیا ہے اور اگر ان کے پیچھے وہ نہیں ہیں تو انہیں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دو نہیں 14 خواتین نے اکبر پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ الزام لگانے والی کوئی بھی خواتین ایک دوسرے کے ساتھ منسلک نہیں ہیں ۔ مودی کابینہ کے ایک رکن پر اس طرح کے الزامات لگانا بہت سنگین معاملہ ہے اور اس کے بارے میں مسٹر مودی کو بتانا ہوگا کہ کیا وہ ہتک عزت کے معاملے میں اپنے وزیر کے پیچھے ہیں یا ملک کی خواتین کے ساتھ۔

ترجمان نے کہا کہ معصوم لوگوں کو پیٹنا، اتر پردیش اور بہار میں خواتین کی پناہ گاہوں یا اس طرح کے دیگر واقعات پر خاموش رہتے ہیں لیکن اب پورے ملک کی خواتین کے احترام کا معاملہ ہے اور انہیں اس پر فی الحال جواب دے کر اپنا رخ واضح کرنا چاہئے۔