Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-October-2018
پٹنہ،(تاثیر بیورو) مرکزی وزیر اپندر کشواہا نے کہا ہے کہ این ڈی اے کا ساتھ چھوڑنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے ۔ ان کی پارٹی راشٹریہ لوک سمتاپارٹی این ڈی اے کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے مفاد میں آئندہ پانچ برسوں کے لئے نریندر مودی دوبارہ وزیر اعظم بنانے کے لئے پابند عہد ہے۔ تیجسوی یادو اور آر جے ڈی کے کچھ رہنماؤں کی طرف سے مل رہی عظیم اتحاد میں شمولیت کی دعوت پر کشواہا نے کہا کہ ان لوگوں کو مایوشی ہاتھ لگے گی۔ کشواہا نے زوردے کر کہا کہ ان کی پارٹی عدلیہ میں سماج کے ہر طبقے کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لئے ہلہ بول دروازہ کھول مہم کو پوری طاقت سے آگے بڑھائے گی۔ کشواہا نے کہا کہ این ڈی اے پوری مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم اسے اور مضبوط بنانے میں لگے ہوئے ہیں اور لگے رہیں گے۔ کھیر سے متعلق بیان کے بارے میں کشواہا نے کہا کہ اس کا غلط مطلب نکالاگیا۔ یہ پیغام عوام کے لئے تھا ۔یہ کوئی سیاسی بیان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان کا کوئی سیاسی مطلب نہیں ہے۔ ان کا کہنے کامطلب یہ تھا کہ سماج کے مختلف طبقے کے لوگ الگ الگ چیزیں لائیں اور ان سے کھیر بنےتو اس سے سماج کا تانابانا مضبوط ہوگا اور ملک مضبوطی سے آگے بڑھے گا۔ کشواہا نے کہا کہ کسی یدوونشی کے یہاں سے دودھ آئے برہمن کے گھر سے چینی، پسماندہ کے گھر سے پنچ میوا اور دلت کے گھر سے تلسی آئے اور ان سب کو ملا کر جو کھیر بنے اسے اگر مسلمان کے دسترخوان پر بیٹھ کر کھایاجائے تو ملک مستحکم ہوگا۔ یہی تو سب کا ساتھ سب کاوکاس کا مطلب ہوگا۔ بی جے پی کے ساتھ سیٹوں کے بٹوارے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بات چل رہی ہے لیکن اس کاذکر ہم مناسب پلیٹ فارم پر ہی کریں گے۔