بھوک اشاریہ میں ہندوستان کی پوزیشن پر راہل نے مودی کو آڑے ہاتھوں لیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

نئی دہلی – (یو این آئی) بھوک کے عالمی اشاریہ(ورلڈ ہنگر انڈکس) کی فہرست میں ہندوستان کا مقام نیپال اور بنگلہ دیش جیسے غریب ملکوں سے بھی نیچے ہونے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کی حکومت ملک کے لوگوں کا پیٹ بھرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

مسٹر گاندھی نے پیر کو ٹوئٹ کیا’’چوکیدار نے تقریر خوب کی/ پیٹ کا آسن بھول گئے/یوگ بھوگ سب خوب کیا/جنتا کا راشن بھول گئے۔

اس قافیہ بندی کے ساتھ ہی کانگریس صدر نے ورلڈ ہنگر انڈکس کے سلسلے میں جاری رپورٹ بھی پوسٹ کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں بھوک سنگین مسئلہ ہے اور 119ملکوں کے ہنگر انڈکس میں ہندوستان 103ویں مقام پر ہے۔ اس سلسلہ میں نیپال اور بنگلہ دیش جیسے غریب ملکوں کی پوزیشن ہندوستان سے بہتر ہے۔