ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کا ڈی ایم نے جائزہ لیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-October-2018

دربھنگہ: (عبد المتین ) حیا گھاٹ بلاک کے گھوشرما پنچایت کے تحت بانس ڈیہہ گاؤں میں 7عزائم پروگرام کے تحت چل رہے منصوبوں کے ساتھ دیگر ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا ڈی ایم ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے جائزہ لیا۔ وارڈ نمبر 6اور 11میں زیر تعمیر واٹر ٹینکوں کو بھی ڈی ایم نے دیکھا اور موجود جونیئر انجینئر کو اس کی اونچائی بڑھانے کی ہدایت دی۔ ڈی ایم نے کہا کہ مقامی لوگوں کی ضرورت کے تحت اس کی اونچائی 20سے 25فٹ تک رکھی جائے اور جہاں 200سے زائد وہاں 7کے وی کا اور جہاں سے اس سے کم آبادی ہو وہاں 5کے وی کا انورٹر لگائیں۔ جو بھی سامان استعمال کئے جائیں وہ آئی ایس آئی مارکہ کے ضرور ہوں۔ پی ایچ ای ڈی کے اگزیکیوٹیو انجینئر کو نل جل پروگرام میں استعمال کئے جا رہے پائپ اور دیگر سامان کی کوالیٹی کی جانچ کرنے اور اسٹینڈر کے مطابق اس کی کوالیٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ گاؤں میں وزیر اعظم رہائشی منصوبہ کے تحت بن رہے گھروں کا بھی ڈی ایم نے معائنہ کیا اور کہا کہ 7نومبر سے قبل گھر کو تیار کرلیں اور 7نومبر کو دیوالی کے دن گھرمیں داخلہ کا پروگرام رکھیں جو لوگ 7نومبر کو گھر میں داخل ہوں گے انہیں حکومت اپنی طرح سے ایک ہزار روپیہ مزید حوصلہ افزا رقم دے گی۔ ڈی ایم نے کہا کہ اپنے اپنے گھروں پر وزیر اعظم رہائش گاہ منصوبہ کا لوگو بھی ضرور لگوائیں۔ ڈی ایم نے آنگن باڑی مراکزکا بھی معائنہ کیا۔ سماجی تحفظ پنشن سے محروم مستحقین کو اس کا فائدہ فورا دستیاب کرانے کی ہدایت بی ڈی او کو دی۔ نل جل منصوبہ کامعائنہ کرتے ہوئے ڈی ایم نے لوگوں سے کہا کہ اس سے حاصل پانی کا استعمال کھانا بنانے اور پینے میں استعمال کریں اور اسے برباد نہ کریں۔ ا س موقع پر مقامی مکھیا روبی سنگھ، بی ڈی او حیا گھاٹ، ڈی پی ایم جیویکا، سول سرجن، پی ایچ ای ڈی کی اگزیکیوٹیو انجینئر وغیرہ بھی موجود تھے۔ دوسری جانب ڈی ایم نے مذکورہ پنچایت کے پرائمری اسکول گھوشرما میں منعقد لوک سنواد پروگرام میں لوگوں سے روبرو ہو کر ان کے مسائل کو سنا اور ان کے مسائل کے حل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت دی۔ اس موقع پر پنچایت کے سرپنج سروج سنگھ نے گھوشرما مڈل اسکول میں انٹر تک کی پڑھائی شروع کرانے کامطالبہ کیا تو ڈی ایم نے ڈی ای او کو ہدایت دیتے ہوئے اگلے سیشن سے انٹر تک کی پڑھائی اسکول میں ضرور شروع کرانے کی ہدایت دی۔ گاؤں میں واقع ہیلتھ سینٹر کو مزید سہولیات سے مزین کرنے کی ہدایت سول سرجن کو دی گئی۔ پنچایت کو او ڈی ایف بنانے پر ڈی ایم نے پنچایت کے عوامی نمائندوں اور لوگوں کی ستائش کی اور گزارش کی کہ لوگ بیت الخلا کا ریگولر استعمال کریں۔ لوک سنواد پروگرام میں تغذیہ مہم کے متعلق لوگوں کو جانکاری دی گئی اور گزارش کی گئی کہ حکومت کے ذریعہ چلائے جار ہے پروگرام وزیر اعظم زچگی وندنا منصوبہ، کنیا اتھان منصوبہ اور ٹیکہ کاری کے تمام سہولیات کا فائدہ حاصل کریں۔ وزیر اعلی دیہی ٹرانسپورٹ منصوبہ سے متعلق بھی جانکاری دی گئی اور خواہش مند لوگوں سے کہا گیا کہ وہ بی ڈی او سے رابطہ کر کے اس کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے درخواست دیں۔ سوچھ جیویکا سوچھ گرام سنگٹھن پروگرام کے تحت او ڈی ایف بن چکے پنچایت کے 7دیہی تنظیموں کو ڈی ایم نے 3ہزار روپے اور توصیفی سند دے کر اعزازبخشا۔ جن لوگوں نے ابھی تک اپنے گھر میں بجلی کنکشن نہیں لیا ہے انہیں مفت بجلی کنکشن لینے اور بجلی کا صحیح استعمال کرنے، وقت پر بل کی ادائیگی کرنے کی بھی ڈی ایم نے تلقین کی۔ میٹنگ میں متعلقہ افسران، ملازمین اور مقامی عوامی نمائندے بھی موجود تھے۔