خالدہ ضیاء کا بایاں ہاتھ فالج زدہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-October-2018

ڈھاکہ، 9 اکتوبر (یو این آئی) بدعنوانی کے معاملے میں جیل میں بند بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بی این پی کی چیئرمین خالدہ ضیاء کے ڈاکٹر نے کہا ہے کہ فالج کے شکار ہونے کے بعد محترمہ خالدہ ضیاء اپنے بائیں ہاتھ کا استعمال نہیں کر پارہی ہیں۔

محترمہ خالدہ ضیاء (73) کو بیمار ہونے پر ہائی کورٹ کے حکم سے ہفتہ کے روز اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں ایک یتیم خانہ کے فنڈ میں بدعنوانی کے معاملے میں قصوروار قرار دیے جانے کے بعد فروری میں پانچ سال کے لئے جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔

شیخ مجیب میڈیکل یونیورسٹی کے ایک ڈاکٹر ڈاکٹر عبدالجلیل چودھری نے پیر کے روز یو این آئی کو بتایا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے محترمہ خالدہ ضیاء کی صحت مسلسل بگڑ رہی تھی۔ وہ طویل عرصے سے گٹھیا میں مبتلا ہیں۔ ان کا بائیں ہاتھ ٹیڑھا ہو گیا ہے اور وہ اپنے بائیں ہاتھ کا استعمال نہیں کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا ان کا بایاں کندھا جکڑ گیا ہے۔ محترمہ خالدہ ضیاء اس کے علاوہ گردن، کمر کا درد اور ذیابیطس سے بھی متاثر ہیں۔ سال 1991-1996 اور 2001-2006 تک بنگلہ دیش کی وزیر اعظم رہنے والی محترمہ خالدہ ضیاء کے وکیل نے عدالت میں دلیل دی تھی کہ موجودہ حکومت جیل میں ان کی خصوصی نگہداشت کو نظر انداز کر کے ان کی جان کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔