رافیل ڈیل:سپریم کورٹ نے مرکز سے تفصیلات طلب کی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-October-2018

نئی دہلی، (یواین آئی) سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے رافیل لڑاکا طیارے سودے کو حتمی شکل دینے سے متعلق فیصلہ سازی کی کارروائی کی مکمل تفصیلات دستیاب کرانے کو کہا ہے۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی جسٹس ایس کےکول اور جسٹس كےایم جوزف کی تین رکنی بنچ نے اس معاملہ میں دائر ایک مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے بدھ کو مرکزی حکومت کو اس سودے کو حتمی شکل دینے والے فیصلہ کی کارروائی کی مکمل تفصیلات ایک سیل بند لفافہ میں دینے کو کہا ہے۔بنچ نے کہا کہ وہ اس وقت مرکزی حکومت کو کوئی نوٹس جاری نہیں کر رہی ہے۔اس درخواست میں فرانس کی کمپنی، دسالٹ، کے ذریعہ ریلائنس کو دئیے گئے معاہدوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہے۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ میں اب 29 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔قابل غور ہے کہ رافیل لڑاکا طیارے سودے کو لے کر کانگریس مرکز کی مودی حکومت پر زبردست بے ضابطگیوں کا الزام لگا رہی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت 1670 کروڑ روپے فی رافیل لڑاکا طیارہ کی شرح سے ان طیاروں کو خرید رہی ہے، جبکہ پیشرو متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دور میں ان کی قیمت 526 کروڑ روپے فی طیارہ مقرر کی گئی تھی