راہل بتائیں دراندازوں کو باہر نکالا جائے یا نہیں: شاہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-October-2018

ہوشنگ آباد، (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کےصدر امت شاہ نے کانگریس صدر راہل گاندھی پر حملہ بولتے ہوئے کہا ہے کہ دراندازوں کے معاملہ پر مسٹر گاندھی کے ساتھی فکر مند ہیں اور وہ بتائیں کہ دراندازوں کو ملک سے باہر نکالا جائے یا نہیں۔کل یہاں بھوپال اور نرمداپورم ڈویژن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے الزام لگایا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کیا اور آج بھی اس کے لئے ملک کی سلامتی سے بڑا ان کے لئے ووٹ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دراندازوں کے معاملہ پر وہ فکر سے دبلے ہو رہے ہیں، آسام میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد این آر سی پر کام کرتے ہوئے 40 لاکھ دراندازوں کو نشانزد کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ دراندازوں کو نکال باہر کرنے کا جو کام شروع کیا گیا ہے، وہ 2019 میں دوبارہ نریندر مودی حکومت بننے کے بعد رفتار پکڑے گا اورملک بھر سے چن چن کر دراندازوں کو باہر نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دراندازوں کے معاملہ پر جنہیں رونا ہے وہ روتے رہیں،لیکن بی جے پی نے طے کر لیا ہے کہ 2019 میں حکومت بننے کے بعد اس کام کو سارے صوبوں میں اولین ترجیحات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔مدھیہ پردیش کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے کارکنوں کو ان سے اچھا انتخاب لڑنا آتا ہے۔یہاں کی تنظیم پورے ملک میں سب سے بہتر ہے۔ مخالفین کتنا بھی زور لگا لیں، لیکن ریاست کے کارکنوں کے سامنے ان کی دال نہیں گلےگی۔