ریل ٹریک میں شگاف سے ریل خدمات متاثر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-October-2018

بگہا – (یواین آئی) بہار میں مشرقی وسطی ریلوے کے مظفر پور-گورکھپور ریلوے سیکشن پر بگہا اور بالميكی نگر روڈ اسٹیشنوں کے درمیان آج صبح ریلوے کی پٹری میں دراڑ آ جانے کی وجہ سے اس روٹ پر تقریب ساڑھے تین گھنٹے تک ٹرینوں کی سروس روکنی پڑی۔

ریلوے کے ذرائع نے یہاں بتایا کہ سمستی پور ریل ڈویژن کے تحت اس ریل سیکشن پر بگہا اور بالميكی نگر روڈ اسٹیشن کے درمیان اوساني ہالٹ کے قریب 54 نمبر گیٹ سے کچھ دور ریل ٹریک میں پڑنے والے شگاف کو صبح چھ بجے دیہاتیوں نے دیکھا اور اس کی اطلاع گیٹ مین کو دی ۔گیٹ مین نےموقع پر جاکر معائنہ کیا اور اس کی اطلاع ریلوے کے حکام کو دی جس کے بعد وہاں سے گزرنے والی 55073 نرکٹیا گنج -گوركھپور سواری گاڑی کو فوراً روک دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پٹری میں دراڑ آ جانے کی وجہ سے اس ریل ٹریک پر احتیاط کے طور پر صبح چھ بجے سے 0915 بجے تک ٹرینوں کی آمد روفت روک دی گئی۔ اس دوران آنند وہار سے مظفر پور جا رہی سپت كرانتی سپرفاسٹ ایکسپریس سمیت کئی میل اور ایکسپریس ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اطلاع کے بعد ریلوے کے سینئر افسران انجینئرز کی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ کر ریل پٹری کو ٹھیک کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت کو بحال کرایا۔تاہم ٹرینوں کو فی الحال وہاں 30 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پٹری میں درار کے وجوہات کی تحقیقات کے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔