سابق وزیر منجو ورما کی پیشگی ضمانت عرضی مسترد،گرفتاری متوقع

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-October-2018

پٹنہ (یو این آئی) پٹنہ ہائی کورٹ نے مظفر پور گرلس شیلٹر ہوم جنسی استحصال معاملے میں مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کی چھاپے ماری میں برآمد ہوئے کارتوس معاملے میں بہار کی سماجی فلاح کی سابق وزیر منجو ورما کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کر دی ہے۔ جسٹس سدھیر کمار کی سنگل بینچ نے یہاں معاملے میں دو نوں فریقین کی دلائل سننے کے بعد اسلحہ ایکٹ معاملہ میں مسز ورما کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کر دی ہے۔ جسٹس مسٹر سنگھ نے اس سال 05 اکتوبر کو مسز ورما کی پیشگی ضمانت کی درخواست پر سماعت کیلئے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیاتھا۔ مسز ورما نے اس معاملے میں 25 اگست 2018 کو بیگو سرائے سول کورٹ کے ذریعہ ان کی ضمانت کی درخواست خارج کرنے کے بعد ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ سی بی آئی نے مسز ورما کے بیگو سرائے ضلع کے ارجن ٹولہ گائوں واقع سسرال سے چھاپے ماری کے دوران 50 کارتوس برآمد ہونے کے بعد ان کے اور مسز ورما کے خلاف 18 اگست کو ایف آئی آر درج کی تھی۔ضمانت عرضی مسترد ہونے کے بعد ان کی گرفتاری کا امکان بڑھ گیاہے۔