سینئر سٹیزین کا تجربہ ہی قوم کا سرمایہ:وینکئیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-October-2018

نئی دہلی – (یواین آئی)نائب صدر جمہوریہ ایم وینکئیا نائیڈو نے سینئر سٹیزین کو بہترسہولیات مہیاکرانے کا اعلان کرتےہوئے کہا ہےکہ ان کا تجربہ ہی قوم کا قیمتی سرمایہ ہے اور اس کی حفاظت کی جانی چاہئے۔

مسٹر نائیڈو نے پیر کو یہاںسینئر سٹیزن کے بین الاقوامی دن پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بزرگ ہی سماجی اقدار کے محافظ ہیں اور ان کا احترام کیاجانا چاہئے۔بزرگوں کا احترام کرنا سب کا فرض ہے۔اس موقع پر سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر تھاور چندگہلوت ،وزیرمملکت کرشن پال گرجر،مسٹر رام داس آٹھولے اور مسٹر وجے سامپلا بھی موجود تھے۔

بزرگ شہریوں کوتحفظ کا ماحول فراہم کرانے پر زور دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا،’’ہمیں اپنے مشترکہ خاندانی نظام کو بچانے کی پوری کوشش کرنی چاہئے۔خاندان کے بچوں کو بزرگوں کے فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ 2011 کے اعدادو شمار کے مطابق کل آبادی میں سے 8.6فیصد لوگوں کی عمر 60سال سے زیادہ ہے۔ان میں 70فیصد سے زیادہ لوگ دیہی علاقوں میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت خدمات اور بنیادی ڈھانچے کی کمی ہے اور ذریعہ معاش کے معمولی مواقع ہیں۔یہ حکومت اور سماج کا فرض ہے کہ ان سینئر شہریوں تک سہولیات پہنچائیں جائیں جن سے وہ عزت اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ بزرگ لوگوں کو علاج کا خرچ سب سے زیادہ پریشان کرتا ہے۔