صفائی کو عوامی تحریک کی شکل دینے کی ضرورت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 02-October-2018

پٹنہ ،(اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے ڈور ٹو ڈور کوڑااٹھانے کیلئے گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کا ریموٹ کے ذریعہ سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر سی ایم سکریٹریٹ کے سنواد میں منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ آج گاندھی جینتی سے قبل کی شام پٹنہ میونسپل کارپوریشن نے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ جس میں گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کیلئے گاڑیوں کاانتظام کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ہر وارڈ کو 5 گاڑیاں مہیا کرائی جائیںگی۔ تاکہ کوڑاٹھانے کا مناسب نظم ہوسکے۔ کوڑے کو مناسب جگہ پر ڈالنے کے بعد اس سے بجلی کی پیداوار بھی ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کے توسط سے کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باپو نے سوچھتا کا پیغام دیا تھا، انہوں نے چمپارن یاترا کے دوران صفائی پر خاص زور دیا تھا۔ ابھی ایک ڈوکومنٹری فلم دکھائی گئی جس کے توسط سے سوچھتا کا پیغام دیا گیا ہے۔ ہم لوگ پٹنہ سمیت ریاست کے دوسرے شہروں اور گائوں کیلئے بھی سوچھتا مہم چلارہے ہیں۔ ہر گھر نل کا جل کے ذریعہ پینے کا صاف پانی ،بجلی کا مناسب نظم ،پختہ گلی، نالی کی تعمیر، بیت الخلا کی تعمیر کرائی جارہی ہے۔ لیکن کچرا مینجمنٹ اور گندگی کو دور کرنے کی ذہنیت بھی لوگوں میں پیدا کرنی ہوگی۔ تاکہ پورا سماج اور آس پاس کے علاقے کو صاف ستھرا رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوامی بیداری کو عوامی تحریک کی شکل دی جائے گی۔ عوامی بیداری سے ہی شہروں کی صورت بدلے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسی سال جاپان دورے میں وہاں کی بہتر صفائی نظم کو دیکھنے کا موقع ملے۔ لوگوں سے پوچھنے پر پتہ چلا کہ وہاں کے لوگوں کی ذہنیت ہی صفائی کا اصلی سبب ہے۔ ہر عمرکے لوگ کچرے کو طے شدہ جگہ پر رکھتے ہیں۔ ہمیں اپنے یہاں بھی اسی طرح کی ذہنیت پیدا کرنی ہوگی۔ تقریب سے شہری ترقیات کے وزیر سریش کمار شرما، پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی میئر سیتا ساہو ،محکمہ کے پرنسپل سکریٹری چیتنیہ پرساد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کئی ارکان قانون سازیہ کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ، سکریٹری اور پٹنہ کے کمشنر ،ہڈکو کے منیجنگ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔