مرکز کی حوصلہ افزائی سے خواتین کی ہر شعبہ میں عزت افزائی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-October-2018

نئی دہلی، (سید شمیم احمد): مرکزی وزیر برائے زراعت رادھا موہن سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ وہ اس سمت میں تیزی سے کام کر رہی ہے۔ دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پروزیر برائے زراعت نے پیر کے روز ٹویٹ کر کہا کہ خواتین زراعت کے میدان میں بھی بہتر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پروگراموں اورترقیاتی سرگرمیوں میں خواتین کے بجٹ میں 30 فیصد سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔ بھارت سمیت زیادہ تر ترقی پذیر ممالک کی معیشت میں دیہی خواتین کا سب سے بڑا حصہ ہے۔سنگھ نے بتایا کہ مالی طور پر سرگرم 80 فی صد خواتین زراعتی شعبے میں کام کر رہی ہیں۔ ان میں سے 33فیصد مزدورکے طور پر کام کر رہی ہیں اور 48فیصد خود کارکاشت کارکے طور پر کام کر رہے ہیں۔ قومی نمونہ سروے آفس کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں تقریبا 18 فیصد کاشت کار خاندانوں کی قیادت خواتین ہی کر رہی ہیں۔